• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان: پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، 2 پائلٹ شہید

پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللّٰہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طہٰ عباسی شہید ہو گئے۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے تحقیقاتی بورڈ بنا دیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کےحادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللّٰہ اور لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی کو شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے درجاتِ بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

ان کا کہنا ہے کہ قوم دفاع وطن کے لیے جانوں کانذرانہ دینے والے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گرنے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا، پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللّٰہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کی بلندی درجات کے لیے دعا گو ہیں، فلائٹ لیفٹیننٹ قاسم اور لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتا ہوں، اللّٰہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر جمیل عطاء فرماۓ، پاک افواج کی دفاع وطن کے لیے پیشہ ورانہ مہارت بے مثال ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔

سروسز چیفس، مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے بھی حادثے پر گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹس قاسم اور طٰہٰ نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، ہماری تمام تر ہمدردیاں دونوں شہید پائلٹس کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے دونوں پائلٹس کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے شہید پائلٹس کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے، حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید