ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا سفید فام شخص شناخت پوچھنے پر فرار ہوگیا، تاہم اسے گرفتار کرلیا گیا۔
منگل کی سہ پہر ایک مقامی سفید فام شخص نے سفارتخانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی گارڈ ارشد نے اس کی شناخت طلب کی تو اس نے انکار کیا اور کہا کہ میں آپ کے افسر سے ملنا چاہتا ہوں، اسسٹنٹ قونصلر کے آنے پر سفید فام شخص سفارتخانے کی باڑ کے اوپر بیگ پھینک کر فرار ہوگیا۔
جس کے بعد پولیس پاکستانی سفارت خانے پہنچی جہاں انہوں نے ایک ایسے شخص کو پکڑا جس نے باڑ کے اوپر سفارت خانے کے علاقے میں بیگ پھینکا تھا۔ پولیس نے بیگ کی جانچ کی تاہم اس میں سے کوئی خطرناک چیز نہیں ملی۔
پولیس نے مذکورہ بالا شخص کو نارویجیئن پینل کوڈ کی دفعہ 184 کی خلاف ورزی پر گرفتار کرکے اس سے پوچھ گچھ کی۔
سفارت خانہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر رابیل مصطفیٰ سومرو نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ایک سفید فام شخص نے پاکستانی سفارتخانے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ جس پر سیکیورٹی نے اسے روکا اور ہمارے اسسٹنٹ قونصلر عمر سلیم کے پوچھنے پر یہ شخص اپنا بیگ ایمبیسی کے اندر پھینک کر وہاں سے بھاگ نکلا۔
فوری طور پر واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر اس شخص کو گرفتار کر لیا۔ اس دوران پولیس نے ڈرون کا بھی استعمال کیا۔
وقوعہ کے وقت سفارتخانے میں کافی رش تھا، تقریباً 30 کے قریب اوورسیز پاکستانی اپنے ویزا، اوریجنل کارڈ اور مختلف کاموں کے سلسلے میں آئے ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے دوران لوگوں کی حفاظت کے لیے قونصلر سیکشن میں اعلان کرکے انہیں باہر نکلنے سے روکا گیا۔