برطانیہ میں ایک ٹیچر کو 13 ماہ کے بچے سے جنسی زیادتی کرنے کے بعد قتل کرنے کے کیس میں مجرم قرار دے دیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2023ء میں انگلینڈ کے علاقے بلیک پول سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ جمی وارلی پر اپنے 13 ماہ کے لے پالک بچے پریسٹن ڈیوی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پریسٹن ڈیوی جون 2022ء میں پیدا ہوا تھا اور جب 5 دن کا ہوا تو اسے دیکھ بھال کے لیے اولڈہم کونسل بھیج دیا گیا تھا جس کے بعد اس نے اپنی زندگی کے پہلے 10 مہینے رضاعی والدین کے ساتھ گزارے اور پھر اسے جمی وارلی اور میک گوون فازاکرلی کو گود دینے کی اجازت دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ڈیوی پریسٹن کو اپریل 2023ء میں بلیک پول منتقل کر دیا گیا، جہاں تقریباً 4 مہینوں کے دوران بچے کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا، جنسی زیادتی کی گئی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، پوسٹ مارٹم کے دوران بچے کے جسم پر مختلف قسم کے 40 زخم ملے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کیس کی پریسٹن کراؤن کورٹ میں سماعت کے دوران بچے کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنانے کا انکشاف بھی ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ڈیوی پریسٹن کو موت سے پہلے 3 بار بلیک پول وکٹوریہ اسپتال لایا گیا تھا جہاں طبی عملے نے ہر بار بچے کے جسم پر موجود زخموں کی وضاحت مانگی، اس دوران بچے کو کئی سماجی کارکنوں نے بھی دیکھا، لیکن ملزمان نے ہر بار جھوٹے بہانے بنا کر طبی عملے کو گمراہ کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جب 27 جولائی 2023 ءکو ڈیوی پریسٹن کو اسپتال پہنچایا گیا تو وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔
رپورٹ کے مطابق بچے کی موت کے بعد جمی وارلی نے پولیس کو بتایا کہ بچہ نہاتے ہوئے باتھ ٹب میں ڈوب گیا تھا، تاہم سماعت کے دوران عدالت کو مقدمے کی تحقیقات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈیوی پریسٹن کے سر کے بال خشک تھے، بچے نے نیپی پہنی ہوئی تھی اور اس کے جسم میں پانی جانے کے بھی کوئی آثار نہیں ملے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہوم آفس کی جانب سے جاری کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس دعوے کی تردید کر دی گئی ہے کہ بچے کی موت پانی میں ڈوبنے سے ہوئی اور انکشاف کیا ہے کہ اس کے منہ میں کوئی چیز زبردستی ڈالنے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ سے اس کا دم گھٹ گیا۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے طویل سماعت کے بعد جمی وارلی کو جنسی زیادتی، بچے پر ظلم اور بچے کا قتل کرنے جب کہ اس کے 32 سالہ ساتھی جان میک گوون فازکرلی کو جرم میں ساتھ ملوث ہونے پر مجرم قرار دے دیا ہے اور اب اس جوڑے کو جمعرات کو سزا سنائی جائے گی۔