• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ پولیس کا کریک ڈاؤن، دو مجرمان اشتہاریوں سمیت 9 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

پشاور (اے پی پی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف تھانوں کی حدود میں پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے دو مجرمان اشتہاری سمیت ہوائی فائرنگ اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی ایس پی تنگی گلشید خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ مندنی شہریار خان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب دو مجرمان اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان کے قبضے سے دو پستول بمعہ کارتوس بھی برآمد کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ دوسری جانب ڈی ایس پی سٹی جان محمد خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ پڑانگ مصور خان نے ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین پستول، ایک بندوق اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ادھر ڈی ایس پی شبقدر عبدالرشید خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شبقدر نوشیروان خان نے اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو وقوعہ کے ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے کے دیگر پہلوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری مجرمان اور امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پشاور سے مزید