گرمیوں کا پہلا مکمل چاند جسے ’اسٹرابیری مون‘ کہا جاتا ہے، 29 جون کی شام کو اپنے عروج پر پہنچے گا۔
دی نیوز انٹرنیشنل کے مطابق یہ مکمل چاند 21 جون کے موسمِ گرما کے آغاز کے بعد نمودار ہونے والا پہلا مکمل چاند ہو گا، اگرچہ اس کا نام اسٹرابیری مون ہے لیکن یہ آسمان میں سُرخ یا گلابی رنگ جیسا نظر نہیں آئے گا۔
پاکستان میں بھی اسٹرابیری مون مکمل طور پر نظر آئے گا، یہ عام طور پر پورے چاند کی طرح طلوع ہوتا ہے لیکن جیسے جیسے ڈوبتا ہے، شاندار سنہری یا امبر رنگت اختیار لیتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس چاند کا نام شمال مشرقی امریکا کے مقامی قبائل، خصوصاً الگونکوئن، اوجیبوے، ڈکوٹا اور لاکوٹا اقوام نے رکھا تھا۔
ان کے مطابق جون کے آخری حصے میں اسٹرابیری کی فصل پک کر تیار ہو جاتی ہے، اسی مناسبت سے اس مکمل چاند کو اسٹرابیری مون کہا جاتا ہے۔
اس چاند کے دیگر ناموں میں پکی بیریوں کا چاند، کھلتے پھولوں کا چاند، سبز مکئی کا چاند اور برتھ مون بھی شامل ہے۔
اس خوبصورت منظر کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں آسمان صاف اور کھلا نظر آتا ہو، گھر کے صحن، پارک، کھلے میدان اور ساحلی علاقے بہترین مقامات ہیں۔
اگرچہ شہروں میں بھی چاند دیکھا جا سکتا ہے تاہم کم روشنی اور کم آلودگی والے دیہی اور جنگلاتی علاقے بہتر نظارہ فراہم کرتے ہیں۔
چاند دیکھنے سے پہلے موسم کی صورتِ حال اور بادلوں کی موجودگی ضرور چیک کر لیں۔