کراچی( طاہر عزیز ) سٹی کونسل میں بلدیہ کراچی کا60 ارب 45 کروڑ کابجٹ کثرت رائے سے منظور۔4کروڑ 49 لاکھ 5 ہزار روپے بچت کا بجٹ، یکم جولائی سے کے ایم سی کی 32 سائٹس سے چارجڈ پارکنگ ختم۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پاکستان کا پہلا بلدیاتی ادارہ جہاں میڈیکل انشورنس پالیسی نافذ کی گئی ہے، شہر کی تعمیر و ترقی اور بلدیاتی و عوامی مسائل کے حل کو اولیت دی ہے، ہماری کوشش ہے کہ نئے مالی سال 2026-27 میں ریٹائرڈ ملازمین کے بقایا جات اور حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کو بھی مدنظر رکھا جائے اور کوشش ہوگی کہ بقایا جات کی ادائیگی اور تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے۔ اس کے لئے مالی وسائل درکار ہوں گے میں بحیثیت مئیر حکومت سندھ سے درخواست کروں گا کہ وہ ہمیں فنڈز فراہم کریں تاکہ ان ادائیگیوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اتوار کے روز سٹی کونسل میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کامالی سال 2026-27 کے لئے 60ارب45 کروڑ 14 لاکھ 30ہزار روپے کابجٹ پیش کیا جو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ ہوٹلز،گیسٹ ہائوسز،شادی ہالز اور ایئر بی این بیز پر ایک فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویزکو موخر کر دیا گیا آئندہ سال مجموعی کل اخراجات کا تخمینہ 60 ارب 40کروڑ65لاکھ روپے ہےاس طرح 4 کروڑ 49لاکھ 5ہزار روپے بچت کا بجٹ ہو گا پاکستان کا پہلا بلدیاتی ادارہ جہاں میڈیکل انشورنس پالیسی نافذ کی گئی ہے تمام ادائیگیاں ای ٹرانسفر کے ذریعے انجام دے گا یکم جولائی 2025کے ایم سی کی 32 چارجڈ پارکنگ سائٹس سے پارکنگ فیس ختم کردی۔ میئر کراچی نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ آج میں اپنے دور کا تیسرا بجٹ معزز کونسل کے سامنے پیش کر رہا ہوں۔