• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ نعیم کی فضل الرحمٰن، ناصر عباس سے ملاقاتیں، آزاد کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد( نیوز رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر سیاسی و مذہبی قیادت سے رابطوں کے سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں قائدین سے اسلام آباد میں الگ الگ ملاقاتوں کے دوران آزاد کشمیر کی صورتحال، مذاکراتی عمل اور حالات کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے بعدمیڈیاسے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آزاد کشمیر صورتحال میں بہتری کے لیے حکومت آگے بڑھے جبکہ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ صورتحال میں بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر میاں اسلم، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان، معاون امیر جماعت اسلامی میاں عطاء الرحمن، ہیڈ میڈیا سیل سلمان شیخ، سیکریٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی جبکہ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر انجینئر ضیاء الرحمن بھی شامل تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال انتہائی پریشان کن ہے، کشمیر کا معاملہ حساس نوعیت کا ہے اور 80 سال سے ہم ایک پوزیشن پر کھڑے ہیں۔ حکومت نے عاقبت نااندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالات کو بگاڑا، تاہم اب امید پیدا ہوئی ہے کہ بات چیت کے ذریعے راستہ نکالا جا سکتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید