امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر امریکی انتظامیہ نے کانگریس کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی ویب سائٹ کے مطابق اعلیٰ حکام آج ایران سے ہونے والے معاہدے اور حالیہ پیشرفت پر باضابطہ بریفنگ دیں گے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد پہلی بار امریکی انتظامیہ وسیع پیمانے پرقانون سازوں کو اعتماد میں لے رہی ہے، بریفنگ کا مقصد داخلی سطح پر سیاسی دباؤ کو کم کرنا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق بریفنگ کا مقصد امریکی خارجہ پالیسی کے حوالے سے ایک متفقہ حکمت عملی تشکیل دینا بھی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کل دوحا میں ہونے والی ایران امریکا مذاکرات کی خبروں کی تصدیق کردی ہے۔
ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس ملاقات کے لیے درخواست خود ایران نے کی ہے۔
اس سے پہلے میڈیا پر خبریں گردش میں تھیں کہ ایرانی اور امریکی حکام پاکستان اور قطر کی ثالثی میں منگل کو دوحا میں ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس ملاقات کا محور آبنائے ہُرمُز کے معاملات پر بات کرنا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں گیس کی قیمتوں میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں۔