• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ گل پلازا: سندھ حکومت نے تنویر پاستا کے ہاتھوں 5 ارب77 کروڑ روپے متاثرین کو دلوائے، وکیل


سانحہ گل پلازا میں ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت نے تنویر پاستا کے ہاتھوں 5 ارب77 کروڑ روپے متاثرین کو دلوائے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آگ لگی تو لوگ گھنٹوں پھنسے رہے۔ فائر بریگیڈ دیر سے آئی، اس کا پانی 10 منٹ میں ختم ہوگیا۔ 72 جانیں چلی گئیں۔

پولیس نے 3 صفحے کا چالان جمع کروا دیا، سرکاری وکیل نے چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کو نالائق افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ فائر بریگیڈ کے جو اہلکار اسنارکل لے کر آئے انہیں وہ چلانا ہی نہیں آتی تھی۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ سول ڈیفنس والوں کے مطابق فائر بریگیڈ والوں کے "فائر ایکسٹینگیوشرز" اور "فائر بالز" ایکسپائر تھے۔

عدالت نے کہا کہ اگر ایسا تھا تو ان کے خلاف ایکشن کون لے گا؟ 

ملزمان کے وکیل نے کہا کہ گل پلازا یونین نے فون کیا تب ہی فائر بریگیڈ پہنچی تھی۔  پولیس تفتیش ریسکیو اداروں کے کردار پر خاموش ہے۔ ریسکیو ادارے اور ڈی سی وہاں کھڑے تماشا دیکھ رہے تھے، لوگوں کو بچایا جا سکتا تھا نہیں بچایا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسر کہتے ہیں کسی ادارے کی مجرمانہ غفلت نہیں ہے، لیکن یہ سب مجرمانہ غفلت نہیں تو اور کیا ہے؟

خیال رہے کہ کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں 17 جنوری کی رات لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہو گئی تھی۔ آگ پر 33 گھنٹوں بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا تھا۔

افسوسناک واقعے میں 86 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 1200 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔

قومی خبریں سے مزید