امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ پر خودکش حملے کے کیس میں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں7 روز کی توسیع کردی گئی۔
انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ پر خودکش حملے کے کیس میں سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار دو سہولت کار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔
عدالت نے ملزمان واصف اللہ اور محمد شفیق کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کردی۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان کو سی ٹی ڈی مردان نے گرفتار کیا تھا، ملزمان نے دورانِ تفتیش حملے میں سہولت کاری کا انکشاف کیا۔
تفتیشی افسرکے مطابق اے ٹی سی مردان کی اجازت کے بعد اسلام آباد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور مالی معاونت میں ملوث ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملزمان کےاکاؤنٹ کی تصدیق کیلیے ورچوئل کرنسی انویسٹی گیشن سیل کو خط بھجوایا گیا ہے، ورچوئل کرنسی انویسٹی گیشن سیل کی جانب سے ریکارڈ موصول ہونے کے بعد مزید تفتیش درکار ہے۔