کراچی میں پانی چوری کے بڑھتے واقعات روکنے کے لیے خصوصی تھانہ قائم کردیا گیا۔ پانی چوری کے تمام مقدمات اب واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت اس تھانے میں درج ہوں گے۔
خصوصی تھانے کے قیام سے پانی چوری کرنے والوں کے خلاف تفتیش اور قانونی کارروائی کا عمل تیز ہونے کی توقع ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے خصوصی تھانے کا افتتاح کیا اور خبردار کیا کہ پانی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور سرکاری آبی وسائل کے غیر مجاز استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب میں واٹر کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر اسداللّٰہ خان، چیف فنانشل آفیسر عمار علی خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ واٹر کارپوریشن نے پانی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور ہائیڈرنٹس مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت خصوصی تھانہ قائم کیا گیا ہے، جسے مکمل قانونی اختیارات حاصل ہیں۔ اب پانی چوری سے متعلق تمام مقدمات اسی خصوصی تھانے میں درج کیے جائیں گے، جس سے مقدمات کے اندراج، تفتیش اور قانونی کارروائی کا عمل مزید تیز، شفاف اور مؤثر ہوگا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خصوصی تھانے کے ذریعے پانی چوری، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے قیام اور سرکاری پانی کے غیر مجاز استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔