اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کوایرانی صدرڈاکٹرمسعود پزشکیان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی سے ٹیلی فون پر رابطہ ‘ حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار‘ ایران سمیت تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جوامن کیلئے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔وزیراعظم اور ایرانی صدر نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔صدرمسعودپزشکیان سے گفتگو کے دوران وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔وزیراعظم نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر پزشکیان کو یقین دلایا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے کے لیے مخلصانہ اور دیانتدارانہ کردار ادا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔صدر پزشکیان نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا۔علاوہ ازیں شہباز شریف کی جمعہ کی شام قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمدالثانی سےبھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے حالیہ حملوں کے تناظر میں قطر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور برگن اسٹاخ میں اعلیٰ سطحی تکنیکی مذاکرات کے پہلے دور کے انعقاد تک پہنچنے والی امن کوششوں میں قطر کی مستقل اور غیرمتزلزل حمایت پر امیرِ قطر کا دلی شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ امن کے لیے سفارتی روابط اور بامعنی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا اور امن مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ناگزیر ہے۔