• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگ اکثر مجھے انڈر ریٹڈ اداکار قرار دیتے ہیں: سہیل سمیر

سہیل سمیر---فائل فوٹو
سہیل سمیر---فائل فوٹو

پاکستان کے معروف اداکار سہیل سمیر نے خود کو انڈر ریٹڈ کہے جانے، معیاری کرداروں کی کمی اور شوبز میں کامیابی کے لیے قسمت پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل سمیر نے کہا کہ لوگ اکثر مجھے انڈر ریٹڈ اداکار قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ میں اپنے کیریئر میں اس مقام تک نہیں پہنچ سکا جس کی میں نے کبھی خواہش کی تھی، تاہم میں اس بات پر شکر گزار ہوں کہ میرے ساتھ کیریئر شروع کرنے والے کئی فنکار آج اسکرین سے غائب ہو چکے ہیں، جبکہ میں اب بھی کام کر رہا ہوں۔

اداکار نے کہا کہ ایک اداکار کے لیے وقت کے ساتھ خود کو بدلنا اور نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے اور میں اپنے موجودہ مقام سے مطمئن ہوں۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں مواقع کے حوالے سے سہیل سمیر نے کہا کہ مثالی صورتِ حال میں کامیاب اداکاروں کو دیکھتے ہوئے مصنفین کو ان کے لیے خصوصی کردار تخلیق کرنے چاہئیں، لیکن پاکستان میں ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔

ان کے مطابق یہاں ڈراموں کی کہانیاں عموماً کسی مخصوص اداکار کو ذہن میں رکھ کر نہیں لکھی جاتیں۔

سہیل سمیر نے کہا کہ وقت کے ساتھ پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کافی محدود ہو گئی ہے اور اب صرف چند بڑے چینلز ہی زیادہ تر ڈرامے بنا رہے ہیں، جس کے باعث اداکاروں کے لیے مختلف نوعیت کے کرداروں کے مواقع بھی کم ہو گئے ہیں۔

کامیابی میں صلاحیت، وقت یا قسمت کے کردار سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ تینوں عوامل اہم ہیں، تاہم غیر معمولی مواقع اکثر قسمت کی بدولت ہی ملتے ہیں۔

اداکار کا کہنا ہے کہ آج کے سخت مقابلے کے دور میں اگر کسی اداکار کو ایسا مضبوط کردار مل جائے جس میں وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکے تو اسے اپنی خوش قسمتی سمجھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ سہیل سمیر پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار ہیں، جنہوں نے متعدد مقبول ڈراموں میں مثبت اور منفی دونوں طرح کے کردار نبھا کر اپنی منفرد اداکاری سے ناظرین کی بھرپور داد حاصل کی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید