چینی سرمایہ کار نے دھوکا دے کر امریکا فرار ہو جانے والی سابقہ بیوی کو تلاش کرنے کے لیے 9 سال کے دوران 18 کروڑ روپے خرچ کر دیے۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے شہر شینزین سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ سرمایہ کار لی پنگ نے اپنی سابقہ بیوی ژانگ شیوڈان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے 9 سال کے دوران 1 کروڑ 30 لاکھ یوآن یعنی تقریباً 18 کروڑ پاکستانی روپے خرچ کر دیے۔
ژانگ شیوڈان شادی کے فوراً بعد لی پنگ کو دھوکا دے کر، ان کی 4 جائیدادیں اپنے نام کروا کر ہانگ کانگ کے راستے امریکا فرار ہو گئی تھی۔
لی پنگ نے انکشاف کیا ہے کہ میری سابقہ بیوی نے میری کار کے بریکس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے مجھے قتل کرنے کی بھی کوشش کی تاکہ وہ میری پوری جائیداد کی وارث بن سکے۔
لی پنگ نے پرائیوٹ ایجنٹس اور امریکی حکام کی مدد سے ژانگ شیوڈان کو لاس اینجلس میں تلاش کر لیا۔
بعد ازاں امریکی عدالت نے فراڈ، غیر قانونی امیگریشن، ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد امریکا میں قیام اور بچوں کے اغواء جیسے 23 جرائم ثابت ہونے پر لی پنگ کی سابقہ بیوی کو 2024 ء میں 65 سال قید کی سزا سنا دی۔