بھارت کے سب سے بڑے نیوکلیئر پلانٹ کڈنکولم نیوکلیئر پاور پلانٹ سے متعلق مبینہ حساس دستاویزات ڈارک ویب پر لیک ہو گئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رینسم ویئر گروپ ورلڈ لیکس نے بھارتی کڈانکولم نیو کلیئر پاور پلانٹ سے متعلق تقریباً 19 ہزار فائلیں ڈارک ویب پر شائع کی ہیں، جنہیں اس نے ریلائنس گروپ سے حاصل شدہ قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیک ہونے والی یہ 19 ہزار فائلیں ورلڈ لیکس کی ویب سائٹ پر موجود ریلائنس گروپ کی مجموعی 8 لاکھ 58 ہزار فائلوں میں سے حساس ترین قرار دی جا رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈارک ویب پر لیک ہونے والی ان دستاویزات میں نیوکلیئر پلانٹ کے بعض حصوں کے مبینہ نقشے، سپلائرز کی تفصیلات اور دیگر تکنیکی ریکارڈ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کڈنکولم نیوکلیئر پاور پلانٹ جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو میں واقع ہے اور اسے بھارت کے 7 ایٹمی پاور پلانٹ میں سب سے بڑا منصوبہ سمجھا جاتا ہے۔
یہ منصوبہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ملک میں جوہری توانائی کی پیداوار بڑھانے کے منصوبوں کا اہم حصہ بھی ہے۔
بھارتی صنعت کار انیل امبانی کے ریلائنس گروپ نے ڈیٹا لیک کی تصدیق کر دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک سرور پر جزوی ڈیٹا سیکیورٹی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ واقعے سے متعلق حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے، بھارت کے سائبر سیکیورٹی کے مرکزی ادارے نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔