کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کے شعبہ امراضِ قلب میں قائم کیے گئے جدید کانفرنس روم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر احمد ولی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبد الہادی کبزئی، شعبہ کارڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین اچکزئی، ڈاکٹر فضل الرحمان پانیزئی، ڈاکٹر ہاشم بڑیچ، مسٹر اشتیاق قریشی اوردیگر نے کہا کہ یہ جدید کانفرنس روم بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے ہسپتال مینٹیننس اینڈ ریپیئر شیئر کے تحت مختص فنڈز سے تعمیر کیا گیا ہےجو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پروگرام نہ صرف مریضوں کو معیاری اور مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہا ہے بلکہ ہسپتالوں کے بنیادی ڈھانچے، طبی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں پائیدار ترقی کے لیے جدید طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت ناگزیر ہےاسی مقصد کے تحت قائم کیا گیا یہ کانفرنس روم شعبہ کارڈیالوجی میں تدریسی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور منظم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اس کے ذریعے مختلف شعبوں کے ماہرین کے مشترکہ اجلاس، پیچیدہ طبی کیسز پر شواہد پر مبنی مشاورت، جرنل کلبز، تحقیقی پریزنٹیشنز اور سائنسی مباحثوں کا انعقاد مزید مؤثر انداز میں ممکن ہوگامیڈیکل طلبہ، پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹرز اور ہاؤس آفیسرز کے لیے جدید اور منظم تعلیمی ماحول فراہم کرے گاجبکہ ڈاکٹروں کے درمیان مؤثر مشاورت اور بہتر کلینیکل فیصلہ سازی کے ذریعے مریضوں کے علاج کے معیار اور نتائج میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔