راولپنڈی (جنگ نیوز)الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے تین روزہ نومولود کا کامیاب آپریشن کر کے خطرناک رسولی نکال کر اس کی جان بچا لی ۔ جہلم کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے اس نومولود کو پیدائش کے فوراً بعد ایک آنکھ میں تیزی سے بڑھنے والی رسولی کے باعث الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال لایا گیا۔ فوری طبی معائنے کے بعد ماہرین نے فیصلہ کیا کہ بچے کی جان بچانے کے لیے فوری آپریشن ناگزیر ہے۔یہ پیچیدہ آپریشن ڈاکٹر طیب افغانی، ڈاکٹر فیضان طاہر، ڈاکٹر علی رضا سید اور ڈاکٹر ایمن پر مشتمل ماہرین کی ٹیم نے سر انجام دیا۔