• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممبئی میں طلبہ احتجاج کے دوران پولیس وین روک کر وائرل ہونے والی لڑکی ٹرول ہونے لگی


فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر ممبئی میں امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف طلبہ احتجاج کے دوران پولیس وین روک کر وائرل ہونے والی 27 سالہ ماڈل ریا آہر ٹرول ہونے لگی۔

ریا آہر بدھ کے روز ممبئی کے علاقے دادر کے شیواجی پارک میں احتجاج میں شرکت کے لیے پہنچی تھیں، جہاں مظاہرین وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے، جب پولیس طلبہ کو گرفتار کرکے لے جانی لگی تو ریا آہر نے ان کی گاڑی روک کر مزاحمت کی تھی۔

جس کے بعد ایک جانب سوشل میڈیا پر جہاں انہیں سراہا جارہا ہے وہیں دوسری طرف کچھ لوگوں کی جانب سے اس سب کو فوٹو شوٹ اور اسکرپٹڈ ڈرامہ بھی قرار دیا گیا۔

ریا آہر نے اس معاملے پر فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی حمایت کی، جبکہ اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔

27 سالہ ماڈل نے کہا کہ وہ احتجاج سے ایک روز قبل بھی شیواجی پارک میں موجود تھی، جہاں اس نے پولیس سے طلبہ کو رہا کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم اس واقعے کی نہ تو ویڈیو شیئر کی اور نہ ہی اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں صرف اپنے حقوق اور اپنی آواز کے لیے وہاں گئی تھی۔ ہم اتنی بلند آواز اٹھائیں گے کہ حکومت کو سننا ہی پڑے گی، چاہے وہ نظر انداز کرنے کی کتنی ہی کوشش کرے۔

ریا نے مزید  کہا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں صرف پولیس وین کے سامنے پوز دے رہی تھی۔ تو انہیں بتانا چاہوں گی کہ میرے گھٹنے پر چوٹ لگی ہوئی تھی، میں ٹھیک سے کھڑی بھی نہیں ہو پا رہی تھی، پھر بھی وہاں موجود رہی۔ 

اگر آپ میرے حب الوطنی کے جذبے پر سوال اٹھا سکتے ہیں تو اپنی توانائی طلبہ کی حمایت میں بھی استعمال کریں۔ مجھے سپورٹ نہ کریں، لیکن متاثرہ طلبہ کی آواز ضرور بنیں۔

خیال رہے کہ ریا آہیر ایک 27 سالہ بھارتی ماڈل ہیں، جن کے انسٹاگرام پر ایک لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ وہ متعدد میوزک ویڈیوز میں بھی کام کر چکی ہیں، جن میں ان کی حالیہ ویڈیو "دلبرا" شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے 18 جولائی سے جاری احتجاج کے سلسلے میں اب تک 13 مقدمات درج کیے ہیں اور تقریباً 400 افراد کے خلاف غیرقانونی اجتماع اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت مختلف الزامات کے تحت کارروائی کی ہے۔

پولیس نے شہر میں 23 جولائی سے 6 اگست تک دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے، جس کے تحت عوامی مقامات پر پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید