لاہور(جنرل رپورٹر)محمد اسلم غوری، وفاقی سیکرٹری، وزارتِ قومی صحت، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن، حکومتِ پاکستان نے شیخ زاید ہسپتال لاہور میں فنانشل مینجمنٹ سسٹم (FMS) کا افتتاح کیا۔ یہ اقدام ادارے میں مالیاتی نظم و نسق کو جدید خطوط پر استوار کرنے، شفافیت کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی گورننس کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔افتتاحی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں، چیئرپرسن و ڈین، شیخ زاید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، ڈاکٹر محمد حاطف اقبال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، شیخ زاید ہسپتال لاہور، سینئر فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران، اور فنانس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نمائندگان نے شرکت کی۔فنانشل مینجمنٹ سسٹم کا مقصد مالیاتی امور کو جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مزید مؤثر بنانا ہے۔ اس نظام کے ذریعے بجٹ سازی، اخراجات کے انتظام، مالیاتی رپورٹنگ اور نگرانی کے عمل کو بہتر بنایا جائے گا، جس سے شفافیت، جوابدہی، وسائل کے مؤثر استعمال اور حقائق پر مبنی فیصلہ سازی کو فروغ ملے گا۔افتتاح کے بعد جناب محمد اسلم غوری نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، جن میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، پیڈیاٹرک ایمرجنسی، انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU)، ڈائلیسس سینٹر اور ہسپتال فارمیسی شامل تھے۔