لاہور(خبرنگار)حکومتِ پنجاب کی عرس داتا دربار کے موقع پر ملک و بیرونِ ملک سے آنے والے لاکھوں زائرین و عقیدت مندوں کو تمام تر ممکنہ سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام تر انتظامیہ متحرک ہے تاکہ زائرین کو کسی بھی قسم کی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے؛ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے داتا دربار میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس اہم اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، خطیب داتا دربار مسجد مفتی مختار احمد ندیم، کنوینر لنگر کمیٹی منصور رضوی، کنوینر دودھ سبیل کمیٹی عمران حنفی، ایس ایس پی اسپیشل برانچ طارق عزیز اور داتا دربار انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خطیب داتا دربار مسجد مفتی مختار احمد ندیم نے شیڈول کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 30 اور 31 جولائی کو 2 روزہ ابتدائی مذہبی پروگرامز، جبکہ 2 تا 4 اگست کے درمیان 3 روزہ سالانہ عرسِ مبارک کی عظیم الشان تقاریب منعقد ہوں گی جن میں بین الاقوامی مسابقاتِ قرأت و نعت، روح پرور علمی و روحانی محافل اور فکر انگیز کانفرنسز شامل ہیں جن میں ملکی و غیر ملکی جید علماء و قراء شرکت کریں گے۔