لاہور(خصوصی رپورٹر)استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام، بالخصوص نوجوان نسل، سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال انتہائی ذمہ داری، شعور اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں کیونکہ انتخابات صرف حکومتوں کی تبدیلی کا نام نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل، خطے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے تعین کا اہم موقع ہوتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ خطے میں مقامی سطح پر ریونیو پیدا کرنے کے مؤثر ذرائع قائم کیے جائیں، جب تک آزاد کشمیر اپنی معیشت کو مضبوط نہیں بنائے گا اور اپنی آمدنی میں اضافہ نہیں کرے گا، اس وقت تک ترقی کے بڑے منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے خواب کو عملی شکل دینا ممکن نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں مقامی اور بیرونی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کریں، صنعت و تجارت کو فروغ ملے، کاروباری سرگرمیاں بڑھیں اور معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں