لاہور (خبرنگار)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے 501 ویں سنڈیکیٹ اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے 8 ارب 24 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی، جبکہ ملازمین کے بقایاجات، نئی تقرریوں، طلبہ کی فلاح و بہبود اور یونیورسٹی کے اسٹریٹجک پلان سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پرو وائس چانسلر، سنڈیکیٹ کے منتخب اراکین، رجسٹرار اور مختلف محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے انتظامی، تعلیمی اور مالی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سنڈیکیٹ نے مالی سال 2026-27 کے لیے 8.24 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی۔ اجلاس میں ملازمین کو یکم جولائی 2024 سے ایڈہاک ریلیف الاؤنس اور پنشن میں اضافے کے نو ماہ کے بقایاجات کی ادائیگی کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ یکم جولائی 2026 سے نظرثانی شدہ بنیادی پے اسکیلز اور ایڈہاک الاؤنس کے تحت تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں طلبہ اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ہاسٹلز کی مرمت، لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن اور نیڈ بیسڈ اسکالرشپس کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔