• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: ورکرز پارٹی کے کونسلر شہباز سرور لیبر پارٹی میں شامل

شہباز سرور— فائل فوٹو
شہباز سرور— فائل فوٹو

مانچسٹر سٹی کونسل لانگ سائٹ وارڈ کے کونسلر شہباز سرور نے ورکرز پارٹی چھوڑ کر لیبر پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

انہوں نے اس حوالے سے باضابطہ اعلان ایک تقریب میں کیا، جس میں لیبر کے رکنِ پارلیمنٹ افضل خان، سابق کونسلر رب نواز اکبر، طاہر صدیق چوہدری، استاد صفدر، حافظ حمود الرحمٰن اور دیگر کمیونٹی کے رہنما موجود تھے۔

شہباز سرور 2024ء کے مقامی انتخابات میں لانگ سائٹ وارڈ سے کامیاب ہوئے جہاں انہوں نے لیبر پارٹی کے ڈپٹی لیڈر لطف الرحمٰن کو شکست دی تھی۔

لیبر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے شہباز سرور نے کہا کہ یہ فیصلہ کمیونٹی رہنماؤں اور ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کیا اور یہ اقدام ترقی اور بہتری کے لیے ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں منتخب ہونے کے بعد ہمیشہ لانگ سائٹ کے عوام کی خدمت، ان کی نمائندگی اور مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا رہا ہوں اور یہ عزم آئندہ بھی برقرار رہے گا۔

شہباز سرور نے کہا کہ میں فلسطین کے مسئلے سمیت عوامی اہمیت کے معاملات پر ہمیشہ آواز اٹھاتا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ پر لیبر پارٹی کے ابتدائی مؤقف سے بہت لوگ مایوس ہوئے تاہم بعد میں لیبر قیادت نے اپنی غلطیوں کا اعتراف کیا اور پالیسی میں تبدیلیاں کیں۔

شہباز سرور نے کہا کہ میں نے غور و فکر کے بعد لیبر پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا، کیونکہ میرے خیال میں اسی پلیٹ فارم سے لانگ سائٹ کے عوام کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں کام کر سکتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے اصول اور عوام سے وفاداری نہیں بدلی، میری پہلی ترجیح ہمیشہ لانگ سائٹ اور مانچسٹر کے عوام کی خدمت رہے گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید