گریٹرمانچسٹر (علامہ عظیم جی) برطانیہ میں عیدالفطر مسلم کمیونٹی نے ایک ہی روز منائی مختلف مقامات پر چاند رات کو تقریبا ت کا اہتمام کیا گیا اورمساجد اور گھروں کو سجایا گیا ۔برطانیہ کی سیاسی جماعت ورکرز پارٹی کے سربراہ ممبر پارلیمنٹ جارج گیلووے،لانگ سائٹ مانچسٹر سے مسلم امیدوار برائے کونسلر شہباز سرور نے قد آور سکرین لگا کر چاند رات میں رنگ بھرے اور غزہ و کشمیر کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر جارج گیلووے ایم پی نے برطانوی حکومت اور لیبر پارٹی کی غزہ میں اسرائیلی فوج کی نسل کشی اور جنگی جرائم پر مجرمانہ خاموشی کو منافقانہ طرز عمل قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے اور خونریزی کی حوصلہ افزائی کو فوراً ختم اورانسانیت کی بقاء کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا۔ پاکستانی کمیونٹی سنٹر مانچسٹر میں بھی چاندرات کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر مہندی، چوڑیوں اور فیشن ویئر کے اسٹالز پر گہما گہمی رہی، لنکا شائر اور گریٹر مانچسٹر کے مختلف شہروں سے آئے نوجوان رات گئے تک موج مستی کرتے رہے۔ اس موقع پر گریٹرمانچسٹر پولیس نے سیکورٹی کے فرائض انجام دیئے۔قادریہ جیلانیہ اسلامک سنٹر لانگ سائٹ مانچسٹر ،سٹی جامع مسجد ،رکزج بانڈ ، جامع مسجد گھمکھولیہ، اقراء جامع سجد کے علاوہ راچڈیل ،بری، برنلے، بولٹن، سٹاک پورٹ کی مختلف مساجد میں اعتکاف میں بیٹھے لوگوں کو مبارکباد پیش کی گئی۔