جرمنی کی طبی ٹیکنالوجی کمپنی ہیمبرگر میڈیکل نے ایک ایسی اسمارٹ ٹوائلٹ سیٹ تیار کی ہے جو دل کی دھڑکن کی خطرناک بے ترتیبی، یعنی ایٹریئل فبریلیشن کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
ابتدائی تحقیق کے مطابق اس کی کارکردگی اسپتالوں میں کیے جانے والے روایتی 12 لیڈ برقی قلبی معائنے کے قریب پائی گئی ہے۔
ہارو ای کے جی سیٹ ( HARO EKG-seat) نامی یہ آلہ عام ٹوائلٹ سیٹ جیسا دکھائی دیتا ہے تاہم اس میں اسپتالوں میں استعمال ہونے والے برقی قلبی سینسر نصب ہیں، جب کوئی شخص اس پر بیٹھتا ہے تو یہ تقریباً 30 سیکنڈ تک دل کی برقی سرگرمی ریکارڈ کرتی ہے جس کے بعد معلومات موبائل ایپ میں منتقل ہو کر دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کا تجزیہ کرتی ہیں۔
ہیمبرگر ہارٹ اسٹڈی میں اس 6 لیڈ نظام کا موازنہ روایتی 12 لیڈ برقی قلبی معائنے سے کیا گیا جس میں دونوں کے نتائج میں نمایاں مطابقت سامنے آئی ہے تاہم محققین نے واضح کیا ہے کہ اس تحقیق کا ابھی آزادانہ سائنسی جائزہ نہیں لیا گیا۔
تحقیق کے مطابق اس آلے کو استعمال کرنے کے لیے کسی خصوصی تربیت کی ضرورت نہیں کیونکہ صارف کو صرف تقریباً 30 سیکنڈ تک سیٹ پر بیٹھنا ہوتا ہے جبکہ ایپ خودکار طور پر معلومات ریکارڈ اور تجزیہ کرتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزمرہ کے معمولات کے دوران اس طرح کی مختصر اور بار بار کی جانے والی جانچ دل کی بیماریوں کی بروقت تشخیص میں مدد دے سکتی ہے کیونکہ اس کے لیے الگ سے کوئی آلہ پہننے یا یاد دہانی کی ضرورت نہیں رہتی۔
دل کے امراض کی ماہر ڈاکٹر پاری ڈومینک کے مطابق اگر ایٹریئل فبریلیشن کی بروقت تشخیص اور علاج شروع کر دیا جائے تو مریضوں میں علاج کے نتائج نمایاں طور پر بہتر ہو سکتے ہیں۔
بقول ان کے ایسے افراد، جن کے دل میں پہلے ہی ساختی یا طبی طور پر کی گئی تبدیلیاں موجود ہوں اس قسم کی جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔