کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی کے مختلف علاقوں سے 7 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں میں سے 3 نمٹاتے ہوئے دیگر پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو کراچی کے مختلف علاقوں سے 7 لاپتا افراد کی بازیابی سے درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے 3 گمشدہ افراد کا سراغ لگا لیا، رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ تھانہ جوہر آباد سے لاپتا شہری سکندر پولیس کو مقدمات میں مطلوب تھا گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جبکہ رمضان اور مرتضیٰ تھانہ کلاکوٹ کو مطلوب تھے انہیں بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ عدالت نے گرفتار افراد کو متعلقہ ٹرائل کورٹس میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔