دبئی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ کا سیاہ دن، لارڈز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو 16 سال بعد انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی، بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام رہی۔ پہلی اننگز میں 110رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 389 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 194رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ نے سیریز دو صفر سے جیت لی۔ ہوم سائیڈ اپنی دوسری اننگز میں 208 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ فاسٹ بولر اولی رابنسن نے پہلی اننگز میں 11 رنز دے کر چار اور دوسری اننگز میں 24 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ میچ کا فیصلہ چوتھے دن اتوار کو چائے کے وقفے کے بعد ہوا۔ محمد عباس نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ میں 130 رنز کے عوض 9 شکار کیے۔