• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران میں شادی تقریب پر بمباری، عالمی برادری امریکیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے، جنرل احمد واحدی

فوٹو: بشکریہ انٹرنیشنل میڈیا
فوٹو: بشکریہ انٹرنیشنل میڈیا

پاسدارانِ انقلاب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران میں شادی کی تقریب پر بمباری کرنے پر امریکی لیڈروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل احمد واحدی نے خبردار کیا کہ شادی کی تقریب پر امریکی بمباری کا انتقام لیا جائے گا۔ 

احمد واحدی نے کہا کہ یہ حملہ اس بات کا اظہار ہے کہ دشمن انقلاب ایران اور ایرانی قوم سے کس قدر دشمنی اور نفرت کرتا ہے۔ بے گناہوں کا خون بہانے والے سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ 

پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینٹرل کمانڈ جنگی جرائم میں ملوث ہے جس نے سیرک علاقے میں شادی کے گھر پر میزائل حملے کرکے اسے ماتم کدہ میں تبدیل کردیا۔

جنرل احمد واحدی کا کہنا تھا کہ حملے میں چار افراد جاں بحق اور 70 زخمی ہوئے جن میں سے سات کی حالت نازک ہے۔ 

پاسداران نے کہا کہ عالمی ردعمل آنے پر امریکی فوج اور امریکی حکام اس جرم کی عالمی نوعیت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں اور مضحکہ خیز دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہوں نے ایرانی شہریوں پر حملہ نہیں کیا۔ 

قبل ازیں پاسداران انقلاب نے امریکی فوج کی جانب سے افغانستان اور عراق کے مختلف شہروں میں شادی کی تقاریب پر بمباری کی پوری تفصیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملوں کا مقصد عوام کے دلوں میں خوف اور دہشت پیدا کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے۔ 

پاسداران انقلاب نے کہا کہ ایسے حملوں پر معافی مانگنے کی بجائے امریکی لیڈر جھوٹ بولنے پر اُترے ہوئے ہیں۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید