• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے عوام کا امن اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی جا رہی ہے (تصویر سوشل میڈیا)۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی جا رہی ہے (تصویر سوشل میڈیا)۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔ 

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ہفتے کو کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل کو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ 

فیلڈ مارشل کو صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی جبکہ ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے فوجی جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ 

انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔ مستحکم اور محفوظ ماحول صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مواقع کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتا رہے گا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور افسران و جوانوں کی اپنے فرائض کی ادائیگی میں ثابت قدمی اور لگن کو سراہا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔

قومی خبریں سے مزید