ایران نے اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے متحدہ عرب امارات کے دورے پر شدید تنقید کرتے ہوئے خطے میں اسرائیلی موجودگی کے انتہائی خطرناک نتائج سے خبردار کر دیا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق جنگی مجرم نیتن یاہو کا متحدہ عرب امارات کا دورہ قابلِ مذمت ہے، صہیونی حکومت کی ایران اور خطے کے دیگر ممالک سے دشمنی ثابت شدہ ہے۔
ایران کی وزارتِ خارجہ نے اسرائیل کو ایران اور خطے کے دیگر ممالک کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے علاقائی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کی تباہ کن موجودگی سے چوکس رہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک کو امن و استحکام کے حوالے سے اپنی ذمے داری کا ادراک کرنا چاہیے اور اپنی سر زمین کو دوسرے علاقائی ممالک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو نے اتوار کو ابوظبی میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔