گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیں بالخصوص اپنے عوام کو درپیش مشکلات کا احساس کرنا ہوگا اور عملی طور پر سسٹم کی بہتری کے لیے بہت کام کی اشد ضرورت ہے۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طبی برادری کو دنیا بھر میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں لوگوں کو اب بھی ماہر ڈاکٹروں اور خصوصی طبی سہولیات تک رسائی مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کے علاوہ دوسرے اضلاع میں ماہر ڈاکٹرز ڈیوٹی دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
گورنر کے پی نے کہا کہ اب ماہر ڈاکٹرز صرف پشاور میں نہیں بلکہ پورے صوبے میں کام کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مشیرِ صحت خیبر پختون خوا کو پلان تیار کرنے کی ہدایت کروں گا تاکہ صوبے کے ہر ضلع میں ماہر ڈاکٹرز ڈیوٹی سر انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات تسلیم کیے جائیں گے اور جاب سیکیورٹی سمیت دیگر مسائل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، مجھے سب کی سپورٹ کی ضرورت ہے اور میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔