• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برازیل: صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد فلیویو بولسونارو امریکا روانہ

فلیویو بولسونارو — فائل فوٹو
فلیویو بولسونارو — فائل فوٹو

برازیل کے صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد فلیویو بولسونارو امریکا روانہ ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا فلیویو بولسونارو اور ان کے اہلِ خانہ کو ویزے جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اس سے قبل پیر کو برازیلی پولیس نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے باعث فلیویو بولسونارو سے پاسپورٹ جمع کرانے کا کہا تھا، جبکہ برازیلی سپریم کورٹ نے انہیں 24 گھنٹے میں پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقررہ وقت میں پاسپورٹ جمع نہ کرانے پر فلیویو بولسونارو کے سفری دستاویزات منسوخ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

فلیویو بولسونارو نے پیر کو کسی بھی غیر قانونی عمل میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے کبھی ملک چھوڑنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں اور حزبِ اختلاف کی قیادت کے لیے ملک میں ہی رہوں گا۔

سینیٹر فلیویو بولسونارو اچھے آدمی ہیں: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلیویو بولسونارو کی امریکا آمد کی منظوری دے دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر فلیویو بولسونارو اچھے آدمی ہیں، وہ امریکا آ سکتے ہیں، برازیل میں انتخابی عمل بہت عجیب اور انتہائی خراب لگا، برازیل کی مارکیٹ کی صورتِ حال دیکھ کر بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں کیا ہوا۔

بولسونارو کے ملک چھوڑ نے کا اقدام شرمناک قرار

نو منتخب برازیلن صدر لولا دا سلوا نے بولسونارو کے ملک چھوڑ نے کے اقدام کو شرم ناک قرار دے دیا۔

انہوں نے فلیویو بولسونارو کو 44 لاکھ ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ فلیویو بولسونارو پر 1 ارب ڈالرز سے زائد کی مبینہ منی لانڈرنگ سے منسلک وکیل سے روابط کا الزام ہے، جبکہ ان کے خلاف اپنے والد کی زندگی پر فلم کے لیے جمع رقم کے معاملے میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلیویو بولسونارو نے تمام الزامات کی تردید کی تھی، تاحال ان پر کوئی فردِ جرم عائد نہیں ہوئی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید