چند یوم قبل وزیرِ اعلی سندھ، مراد علی شاہ اور ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کے درمیان ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں بتایا گیا کہ کے فور منصوبے میں اضافی گنجائش پیدا کرنے کے لیے بحالی اور آباد کاری کے ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لینے کی غرض سے سروے جلد شروع کیا جائے گا۔
اس کام کے لیے معاہدے پر پانچ دسمبر کو دست خط ہونے کی توقع ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مردم شماری اور سروے کا عمل 1دسمبر2026 سے 20 فروری 2027 تک جاری رہنے کا منصوبہ ہے۔ یہ خبر پڑھ کر بہت کچھ یاد آگیا۔
بار بار سنگِ بنیاد، بڑھتی لاگت اور تاریخِ تکمیل
تقریبا تین برس قبل، یعنی چھبّیس مئی 2023کو گورنر ہاوس کراچی میں کراچی کو فراہمی آب کے عظیم تر منصوبے، کے فور، کا چوتھی مرتبہ سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی تھی، تو اس وقت بھی بہت سی پرانی یادیں تازہ ہوگئی تھیں۔
وزیر اعظم، محمد شہباز شریف نے چھبّیس مئی 2023کو منصوبے کے پہلے مرحلے کا سنگِ بنیاد رکھا تھا جس کی تکمیل سے کراچی کو 260 ایم جی ڈی پانی ملنے لگے گا۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ مجموعی طور پر 650ایم جی ڈی (65کروڑ گیلن یومیہ) کا ہے جس کے تین مرحلے ہیں۔ پہلی مرتبہ اس کا سنگ ِبنیاد 10جون2015 کو اس وقت کے وزیراعلی سندھ، سید قائم علی شاہ نے رکھا تھا اور لاگت کا تخمینہ25ارب 55 کروڑ روپے تھا۔ لیکن آٹھ برس گزرنے کے باوجودبہ مشکل اس کا تیس تا پینتیس فی صد کام مکمل ہو سکا تھا۔
دوسری جانب اس کی لاگت بڑھ کر ایک کھرب 26 کروڑ روپے تک جا پہنچی تھی۔اب یہ 171ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ صرف لاگت ہی نہیں بڑھی ہے، بلکہ اگست 2026ء کی رپورٹ کے مطابق منصوبے کی مدت بھی اصل84ماہ سے بڑھ کر 161ماہ تک جا پہنچی تھی اور دوسرے نظرثانی شدہ پی سی ون میں تکمیل کی مدت دسمبر 2027ء رکھی گئی تھی۔
بعد کے سرکاری بیانات میں یہ تاریخ مزید آگے بڑھ کر اپریل 2029ء بتائی گئی۔ یہ تاریخ 3نومبر 2026ء کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے اجلاس میں سامنے آئی۔ قومی اسمبلی کی سرکاری پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی کو بتایا گیا کہ منصوبے کی متوقع تاریخِ تکمیل اب اپریل 2029ء ہے۔
کمیٹی نے بھاری اخراجات کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کی عدم تکمیل کی وجوہات کی تحقیقات کے لیے چار رکنی ذیلی کمیٹی قائم کردی۔ یہ پیش رفت اس لیے اہم ہے کہ اس سے چند ماہ پہلے مختلف سرکاری اور پارلیمانی فورمز پر 2027ء اور اس سے پہلے کی تکمیل کی تاریخیں زیر بحث تھیں۔
اس منصوبے پر کام کے لیے دوسری مرتبہ وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کے دفتر، واقع کلفٹن میں 15 جون 2016 کو معاہدے کی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں اس وقت کے وزیر خزانہ سندھ، سید مراد علی شاہ اور دیگر وزرا نے شرکت کی تھی۔ مراد علی شاہ نے اس موقعے پر کہا تھا کہ پہلا مرحلہ دو سال میں مکمل ہو جائے گا۔
تیسر ی مرتبہ 14اگست2016 کو وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے اس وقت کے گورنر سندھ، ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ کاٹھور میں سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ دل چسپ امر یہ ہے کہ منصوبے کے آغاز میں وفاق اور صوبے میں جن سیاسی جماعتوں کی حکومتیں تھیں آج بھی ان ہی کی ہیں۔
تاہم انہوں نے کبھی تاخیر کی وجوہات بتائیں اور نہ ذمّے داروں کے خلاف کارروائی کی۔ واضح رہےکہ اتنے برسوں میں اس منصوبے کا ابھی پہلا مرحلہ بھی مکمل نہیں کہا جاسکتا ہے۔ یہ مکمل ہونے کے بعد اس کے باقی دو مراحل پر بھی کام ہونا ہے۔ فیز ٹو260 ایم جی ڈی اور فیزتھری 130ایم جی ڈی کا ہے۔
بدلتی تاریخیں، ہوتے اجلاس، بڑھتا انتظار
بعض دستاویزات کے مطابق یہ 2002کامنصوبہ ہے جو 2006 میں منظور ہوا تھا۔پھر یہ فائلوں سے نکلا، زمین پر آیا تو اس کی راہ میں کبھی مالی وسائل کی عدم دست یابی آڑے آئی تو کبھی سرخ فیتے کی روایتی سُستی اور لاپروائی۔ کبھی وفاق سے فنڈ نہ ملنے کا شکوہ سنا گیا تو کبھی صوبائی وازرتِ خزانہ سے فنڈ کی عدم فراہمی کی شکایات سامنے آئیں۔
یوں کئی برس بیت گئے۔ پھر 2016 میں اس کے پہلے مرحلے پر کام کا آغاز ہوا، مگر کسی نہ کسی وجہ سے اس منصوبے پر کام کی رفتار معمول کے مطابق نہ رہی۔ وقت گزرنے کے ساتھ اس پر آنے والی لاگت کا تخمینہ بھی بڑھتا چلا گیا۔ عوامی اہمیت کا یہ بہت اہم منصوبہ کراچی کے عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، لیکن ہمارے حکم رانوں اور سرکاری عمّال کے لیے اس کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔ دوسری جانب اس ضمن میں عوام کی بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔
یہ 10ستمبر 2014کی بات ہے۔ اس روز اس وقت کےوزیر اطلاعات و بلدیات سندھ اور چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شرجیل انعام میمن نے اپنے دفتر میں کے فور منصوبے کے بارے میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی تھی۔
اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ کے فور پروجیکٹ کی فزیبلیٹی رپورٹ اور پروجیکٹ کو شروع کرنے کے ضمن میں تمام اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جائیں۔ پروجیکٹ کی مجموعی لاگت 25.5 ارب روپے ہے اور اس کے پہلے فیز سے 260 ملین گیلن پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔
پروجیکٹ124کلومیٹر طویل ہے اور یہ کینجھر جھیل سے جنگ شاہی تک کینال کے ذریعے پانی لانے کا ذریعہ بنے گا۔ سندھ حکومت کے فور منصوبے کو جلداز جلد مکمل کرکے کراچی میں پانی کے بحران کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ خود اس منصوبے کو جلداز جلد مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
اس وقت کے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایت پر منعقدہ اس اہم اجلاس میں پروجیکٹ کنسلٹنٹ اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا تھا کہ منصوبےکی فزیبلٹی رپورٹ کئی سال قبل مکمل کرلی گئی تھی اور منصوبے کے لیے درکار زمین سندھ حکومت نے فراہم کردی ہے۔ یہ منصوبہ آئندہ 30سے50سال تک کی آبادی کو مدنظر رکھ کر ڈیزائین کیا گیا ہے۔
البتہ اب بھی اس منصوبے کے لیے بعض اسٹیڈیز درکار ہیں جنہیں ایک ہفتے میں مکمل کرلیا جائے گا۔ اس موقعے پر وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا تھا کہ کے فور منصوبے کے لیے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی انتہائی سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ خود اس کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔
انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر مصباح الدین اور کنسلٹنٹ کو ہدایات دی تھیں کہ وہ پروجیکٹ کی مکمل فزیبلیٹی رپورٹ اور منصوبے کو درپیش مسائل کی مکمل رپورٹ ایک ہفتے میں جمع کرائیں۔ اس موقعے پر مشیر خزانہ نے کہا تھا کہ پروجیکٹ کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے درکار فنڈز کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور پروجیکٹ کی مکمل فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرکے اس کی حتمی لاگت کا اندازہ لگا کر اسے فوری طور پر شروع کردیا جائے گا۔
یہ 5مئی 2015کی بات ہے۔ مقام ہے سینیٹ آف پاکستان کی عمارت اور موقع ہے ایوانِ بالا کے اجلاس کا۔ اس روز کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے،کے فور سے متعلق سینیٹ میں ایم کیو ایم کی تحریک التواء پر بحث ہورہی تھی۔ اس موقعے پر اس وقت کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، احسن اقبال نے بحث سمیٹتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے اپنے حصے کے 20کروڑ میں سے 8کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں، سندھ حکومت نے باقی 12 کروڑ روپے لینے کےلیے ابھی تک ڈیمانڈ ہی نہیں بھجوائی۔
وزیر اعظم نےکے فور منصوبے کے لیے50فی صد کے علاوہ مزید 3 ارب روپے بھی دینے کی منظوری دی ہے۔ تاہم سندھ حکومت یہ پیسے لینے کے لیے اپنے حصے کے 3ارب روپے بھی دے۔ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل نے ایوان کو بتایا تھا کہ کے فور منصوبے کی لاگت2007 میں12ارب روپے تھی جو سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت کے باعث بڑھ کر ساڑھے25ارب روپے ہو گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے تو8کر وڑ روپے دیے، مگر سندھ حکومت نے ایک روپیہ نہیں دیا اور عوام کو ٹینکر مافیا کے حوالے کر دیا۔ بحث میں حصّہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کا کہناتھا کہ 50فی صد بجٹ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن وفاقی حکومت نے صرف8کروڑ روپے دیے جو مذاق ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ پانی کی لائنز کو توڑ کر غیر قانونی ہائیڈرنٹس بنائے گئے ہیں جنہیں ختم نہ کرنا سند ھ حکومت کی کم زوری ہے۔
پھر 8مئی 2015 کو سندھ اسمبلی میں بھی کراچی میں پانی کے بحران کے بارے میں گرما گرم بحث ہوئی تھی، لیکن ہوا کیا؟ یہ سب کے سامنے ہے۔ یاد رہے کہ اُس برس کراچی میں موسمِ گرما میں سرکاری اعدادوشمار کے مطابق بارہ سو سے زاید افراد ہلاک ہوگئے تھے اور تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ان اموات کے اسباب میں موسم کی شِدّت سب سے اہم تھی، تاہم پانی اور بجلی کی قلت نے بھی اس ضمن میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں نو ستمبر 2020 کو منعقدہ اجلاس میں اس وقت کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، اسد عمر نے کہا تھا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد شروع کرنا پہلی ترجیح ہے۔ کے فور منصوبہ اب وفاقی بجٹ سے تعمیر ہوگا، آج وزیر اعلیٰ سندھ کو خط بھیجا جائے گا۔
پھر دس دسمبر 2021 کو اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے پہلے اور آزمایشی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ میں خود کے فور منصوبے پر واپڈا کے چیئرمین سے فالو اپ لے رہا ہوں، آپ کے لیے خوش خبری ہے کہ اگلے مہینے منظوری کے بعد اس پر کام شروع ہوجائے گا اور چودہ مہینے میں یعنی2023میں کراچی کو پانی پہنچنا شروع ہوجائے گا۔لیکن پھر بھی کراچی والوں کی قسمت نہ کھلی۔
مئی 2023میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس وقت کے گورنر سندھ، کامران ٹیسوری نے کہا تھا کہ اب توقع ہے کہ یہ منصوبہ دی گئی ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل ہوگا۔
اس موقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ کے اس منصوبے کو بیس برس بیت چکے ہیں، یہ منصوبہ غلط منصوبہ بندی کی مثال تھا، 2004-05 میں اس کی پہلی فزیبلٹی اسٹڈی ہوئی اور 2006ء میں جب اسے ایکنک میں لے کر گئے تو اس کی لاگت46ارب روپے تھی، تاہم اس میں کمی کا کہا گیا، 2011ء میں25ارب روپے کی لاگت سے اس کی منظوری ہوئی اور 5 ارب روپے اراضی کی خریداری کے لیے تھے جو صوبائی حکومت نے دینے تھے۔ تاہم 25 ارب روپے میں اس کی تکمیل مشکل تھی۔ 2015ء میں منصوبے پر کام کا آغاز ہوا۔25ارب روپے میں سے 50 فی صد وفاق اور50فی صد صوبے نے دینے تھے۔
سندھ حکومت نے بہ راہ راست ٹھیکوں کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایف ڈبلیو او سے کہا کہ وہ 25ارب روپے میں یہ منصوبہ بنا کر دے، تاہم اس نے 42 ارب روپے لاگت بتائی۔ پھر ساڑھے 28 ارب روپے پر ایف ڈبلیو او کے ساتھ کام شروع کیا۔ 2018ء کے انتخابات سے قبل ہم اسے مکمل کرنا چاہتے تھے، کینجھر جھیل سے پائپوں اور چینلز کے ذریعے پانی کراچی لانا تھا۔
بعد میں ستمبر 2018ء میں اس وقت کے وزیراعظم سے دورہ کراچی کے موقعے پر اس پراجیکٹ کی لاگت بڑھانے کامطالبہ کیا گیا تو انہوں نے اس پر کام بند کراکر اس میں کرپشن کے الزامات عاید کرکے اس کی تحقیقات کرانے کا اعلان کر دیا اور پی ٹی آئی کے دور میں اس پر کام بند رہا۔
موجودہ حکومت آنے پر دوبارہ کام کا آغاز ہوا۔ اس منصوبے کے لیے کوئی قرض نہیں لیا گیا۔ اس وقت ایک کمیشن بنا کر بار بار اسلام آباد بلا کر اس کی تحقیقات کرائی گئیں۔ پھر یہ کام واپڈا کو دیا گیا جس نے اس کی لاگت 126 ارب روپے بتائی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ کے فور منصوبے کو بجٹ میں اولین ترجیح دوں گا اور یہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا۔ دیکھیے، یہ وعدہ کب اور کیسے پورا ہوتا ہے۔ لیکن پورا ہوجائے تو بہت اچھا ہوگا۔
کنسلٹنٹ کا تقرّر
اس منصوبے کے لیے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کر ا چی نے 2فروری2015 کو کنسلٹنٹ کا تقرر کیا تھا اور ایک مشاورتی فرم کو یہ کام سونپا گیا۔ اس موقعے پر ایک تقریب منعد ہوئی جس میں ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ گریٹر کراچی منصوبہ، کے فور، کراچی کے لیے اہمیت اور افادیت کے باعث شہر کی تجارتی، صنعتی، سماجی اور معاشی زندگی میں انقلاب لائے گا۔
2006 سے التوا کے شکار اس منصوبے کا آغاز ہوگیا ہے، کوشش ہے کہ یہ تین سال سے قبل مکمل ہو اور اس کی ڈیزائننگ بھی 9 ماہ قبل کرلی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 25ارب روپے سے زیادہ ہے جو وفاقی اور صوبائی حکومت کے فنڈ سے مکمل ہوگا۔ ابتدائی فنڈ حاصل ہوچکا ہے اور مزید فنڈز کی دست یابی میں کسی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سابق صدر آصف علی زرداری کا ترجیحی پروجیکٹ رہا ہے۔
زمین کا حصول
منصوبے کے لیے 23جنوری 2015کو 8255ایکڑ زمین الاٹ کی گئی۔ اس روز متعلقہ حکام نے صحافیوں کو بہت فخریہ انداز میں بتایا تھا کہ دوماہ سے کم مدت میں سیکشن 6کے تحت ڈکلیریشن کا حصول بہت بڑی کام یابی ہے جس کی مثال بورڈ آف ریونیو سے زمین کے حصول کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ بتایا گیا کہ کمشنر کراچی، شعیب احمد صدیقی نے زمین کی الاٹمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
کے فور پروجیکٹ کے اُس وقت کے ڈائر یکٹر سلیم صدیقی نے اس موقعے پر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہو ئے بتایا تھا کہ اس منصوبے کی ابتدا کینجھر جھیل سے جھمپیر ریلوے اسٹیشن کے قریب سے ہوگی اور اس کی راہ داری ضلع ٹھٹھہ کے دیہہ کوہستان سے ہوتی ہوئی کراچی ڈویژن میں گو ٹھ رن پٹھانی کے مقام سے دیہہ دھا بیجی میں داخل ہوگی۔
اس کے بعد یہ دیہہ گھگر، دیہہ ڈھانڈو، دیہہ جھو ریجی، دیہہ کوٹریو، چوہڑ، دیہہ علیمانو، دیہہ کاٹھور، دیہہ لانکھجی، دیہہ کوٹکر، دیہہ ناراتھر، دیہہ شاہ مرید سے گزرتا ہوا دیہہ اللہ فئی پر اختتام پذیز ہوگا۔ منصوبے کے تینوں مراحل اور کراچی کے مستقبل کے لیے آب رسانی کی لائنوں کے لیے ایک ہزار فیٹ چوڑی گزرگاہ رکھی گئی ہے۔
تاخیر اور مزید تاخیر
زمین ملنے کے بعد متعلقہ حکام پھر غفلت کی نیند سو گئے اورمئی 2015 میں ایسی خبریں آنے لگیں کہ غفلت اور فنڈز میں کمی کے باعث منصوبہ سست روی کا شکار ہوگیا ہے، اس کا پہلا مرحلہ وفاق اور صوبے کی غفلت کی بھینٹ چڑھتا دکھائی دے رہا ہے اور منصوبہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے سست روی کا شکار ہے۔
مئی 2015 میں وفاقی حکومت نے8کروڑ روپے دیے، لیکن سندھ حکومت نے بلاجواز رو ڑ ے اٹکاتے ہوئے واٹر بورڈ کو ایک ماہ تاخیر سے ادائیگی کی جس میں سے مشاورتی فرم کو 6 کروڑ اور 40 لاکھ روپے سندھ بورڈ آف ریونیو کواراضی کی سروے فیس کی مد میں ادا کیے جانے تھے۔
پہلا معاہدہ
زمین کے حصول کے تقریبا ڈیڑھ برس بعد منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے کراچی واٹر بورڈ اور ایف ڈبلیو او کے درمیان معاہدہ14جون2016 کو ہوا۔ اس معاہدے پر دست خط کرنے کے لیے باقاعدہ تقریب منعد کی گئی تھی۔ اس موقعے پر وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کا کہنا تھا کہ منصوبہ ہر حال میں وقت پر مکمل کیا جائے گا۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر سلیم صدیقی کا کہنا تھا کہ منصوبے کے پہلے فیز کے تحت 260 ملین گیلن یومیہ پانی شہر کو پہنچایا جائے گا اور یہ منصوبہ جون 2018 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ تقریب میں اس وقت کے صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ، ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید اور حکومت سندھ کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی تھی۔
کفر ٹُوٹا خدا خدا کرکے
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 14اگست 2016 کو ’’ کے فور‘‘ کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر کاٹھور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کے جھگڑے ختم ہوجائیں گے اور آنے والا موسم گرما کراچی میں پانی کے بحران کا آخری سیزن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں وزیر خزانہ تھا تو کے فور منصوبے کا معاہدہ ہوا تھا۔
اس منصوبہ کا معاہدہ اپریل کے مہینے میں ہوا، پہلا فیز دو سال سے کم عرصے میں مکمل ہوگا، صرف ایک گرمی کا موسم مزید عوام کو برداشت کرنا ہوگا۔ منصوبے کا 50فیصد وفاق ادا کررہا ہے۔ منصوبے کی دوسال میں تکمیل ہمارا امتحان ہے۔ اس منصوبے کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ اگلے 14 اگست کو منصوبے کے دوسرے مرحلے کا بھی افتتاح کریں گے۔
مگر مراد علی شاہ کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔ جولائی 2017 میں ایسی اطلاعات آنے لگیں کہ ٹھیکہ لینے والی کمپنی کی منہگی بولی کی وجہ سے منصوبے کی لاگت بڑھنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے اور بروقت تکمیل مشکل نظر آرہی ہے۔
واضح رہے کہ جون2016 میں کے فور منصوبے کا افتتاح کرتے وقت اعلان کیا گیا تھا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت24ارب 50 لاکھ روپے ہے جس میں پیکیج اے میں اِن ٹیک اسٹرکچر، کینال، کنڈیوٹ، سائفن اور کل ورٹس شامل ہیں۔ اس کا ٹھیکہ15ارب 25 کروڑ40 لاکھ روپے میں دیا گیا تھا۔
پیکیج بی کے لیے9ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ اس وقت سوال اٹھا تھا کہ اگر 18ارب 60 کروڑ روپے میں پیکیج بی کے لیے معاہدہ ہوتا ہے تو منصوبے کی لاگت 25 ارب سے بڑھ کر 35ارب تک پہنچ جائے گی۔
منصوبہ بندی پر اعتراض
وقت گزرتا گیا تو منصوبے کی لاگت میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ ماہرین کے مطابق منصوبے کی منصوبہ بندی درست اور بروقت نہیں کی گئی اس لیے اب اضافی لاگت کے مسائل کا سامنا ہے۔ بجلی کی فراہمی کے لیے ٹرانسمیشن نظام کی تنصیب، کے فور فیز ون کو واٹر بورڈ کے ڈسٹری بیوشن کے نظام سے منسلک کرنے اور اضافی کاموں کے لیے چالیس تا پچاس ارب روپے مزید درکار ہوں گے۔
دس، بارہ ارب روپے کراچی کے اندرونی علاقوں میں ڈسٹری بیوشن نظام کی تشکیل پر خرچ ہوں گے۔ اس منصوبے کے ضمن میں غفلت اور لاپروائی کا یہ عالم ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بنائے گئے واٹر کمیشن نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے پروجیکٹ ڈائریکٹرکی کارکردگی پر سوالات اٹھادیے تھے۔ چناں چہ کمیشن کی ہدایت پر پروجیکٹ ڈائریکٹر، سلیم صدیقی کا تبادلہ کردیا گیا تھا۔
کراچی کو آخری مرتبہ کے تھری منصوبے سے مارچ2006 میں اضافی پانی فراہم کرنے کا بندو بست کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے شہر کو مزید پانی کی فراہمی کا کوئی بڑا منصوبہ مکمل نہیں کیا جاسکا ہے۔ کراچی میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر اضافی پانی کی فوری فراہمی بہت ضروری ہے۔