• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندگی، جو میری نہیں: صنفِ نازک، گھر میں محفوظ نہ باہر

ناہموار پہاڑوں میں بسا ایک ایسا گھر، جہاں زندگی اپنی سادگی میں ایک طویل سانس لیتی ہے، جہاں سولہ سالہ اسکول کی طالبہ، علیزادہ اپنے ماں باپ اور نو سالہ چھوٹی بہن کے ساتھ رہتی تھی۔ وہ عمر کے اس نازک موڑ پر، اپنے خاندانی رسم و رواج سے انجان محبت کے سفر پر نکل پڑی، پھر آہستہ آہستہ اُس میں ہمت کا رنگ گُھلنے لگا۔ وہ اس سے شادی کرنا چاہتی تھی، شاید وہ نادانستہ طور پر یہ سمجھ بیٹھی تھی کہ محبت کی یہ کونپل رسم و رواج اور گھر والوں کی آہنی دیواروں سے کہیں زیادہ طاقتور اور بڑی ہوتی ہے، مگر گھر والوں کا پیمانہ کچھ اور تھا۔

اس کا باپ کھیتی باڑی کے ساتھ ایک چھوٹی سی دکان بھی چلاتا تھا۔ ایک دن اُسے بیٹی کی محبت کا پتا چل گیا۔ ماں نے سمجھایا، باپ نے پابندیاں لگائیں، جب بیٹی کے لئے سارے راستے بند ہوتے گئے تو اُس نے وہ قدم اٹھایا جو اُس گاؤں کے مرد سوچ بھی نہیں سکتے۔ وہ گھر کی اس چھت کے نیچے سے نکل توگئی جو، اس کے لیے قید خانہ بن چکی تھی، مگر جا کہاں سکتی تھی، تعاقب کرنے والے راستے چھوٹے تھے۔باپ نے اسے ڈھونڈ نکالا اور گھر کے بند دروازوں کے پیچھے قید کر دیا۔لیکن وہ ساری زندگی تو قید نہیں رہ سکتی تھی۔

چند دن بعد باپ نےچھوٹی بیٹی کو کسی بہانے دکان پر بھیج دیا، ماں کھیتوں پر کام میں مصروف تھی، علیزادہ باپ کے ساتھ گھر میں اکیلی رہ گئی۔ اس کے بعد جو کچھ ہوا، اس کا پتہ نہ تو کسی دیوار کو تھا اور نہ ہی کسی دروازے کو، وہ سچ بعد میں باپ کے اعتراف جرم سے باہر آیا۔ اس نے اپنے ہاتھ اپنی ہی بیٹی کی گردن پر رکھے اور اس کی سا نسیں چھین لیں۔ سولہ سال کا وہ وجود جس میں آنے والے کل کے ہزاروں خواب تھے، اس کمرے کی وحشت ناک خاموشی میں ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا۔

سگا باپ بیٹی کو جان سے مار کر ایسے اطمینان سے دکان پرچلا گیا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو، کچھ دیر بعد گھر آکر ڈھٹائی سے یہ افواہ پھیلائی کہ بیٹی نےخود کشی کر لی۔ تدفین کے لیے اس کا اصرار اس قدر جلدی میں تھا، جیسے مٹی کی ایک تہہ اس کے اپنے ہاتھوں کیے گئے گناہ کو چھپا سکتی ہو، لوگوں کے دل میں شک و شبہ کا کانٹا چبھ چکا تھا، پڑوسیوں کی نظریں سچ جانتی تھیں، پولیس کو کسی نے بتادیا، وہ آئی، لاش کا معائنہ ہوا، اور گلے پر پڑے نیلے داغوں نے وہ داستان کہہ دی جو باپ زبان پر لانے سے ڈر رہا تھا۔

ڈاکٹروں نے تصدیق کر دی کہ، موت گلا گھونٹنے سے ہوئی ہے۔ ماں جب شام کو کھیتوں سے لوٹی، تو اس کی بیٹی دنیا میں نہیں تھی۔ باپ گرفتار ہوا، اعتراف جرم کرتے ہوئے، وجہ وہی پرانا اور اندھا لفظ بتایا"عزت" کی خاطرمارا۔ جیسے یہ ایک سستا سا لفظ کسی کی پوری زندگی، اس کے خوابوں اور اس کے مستقبل کو مٹا دینے کا لائسنس ہو۔

چند دن بعد، علیزادہ کو سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مٹی نے اس کے جسم کو تو ڈھانپ لیا، مگر اس کی تصویریں، سفید دوپٹے میں لپٹا ہوا خوب صورت، مسکراتا چہرہ نہیں ڈھانپا جاسکا، جو سوشل میڈیا پر جگ مگا رہا ہے۔ کچے ذہن کی بچی چاہتی تھی اپنی محبت کو جیون ساتھی بناؤں۔ لیکن جن ہاتھوں کو اس کی دنیا سجانی، اسے رخصت کرنا تھا، انہوں نےہی اس کی زندگی کی ڈور کاٹ دی،صرف اپنی عزت کی خاطر۔ اب باپ جیل میں عزت کا ماتم کرے گا۔

غیرت کے نام پر قتل، ہمارے معاشرے کا ایک ایسا ناسُور ہے جس میں عورت کی زندگی، مرضی اور بنیادی حقوق کو نام نہاد خاندانی عزت کے تابع کردیا جاتا ہے۔ ایسا لگتا ہے، پسند کی شادی، اپنی مرضی سے زندگی گزارنے یا خاندان کے فیصلے سے اختلاف کرنے پر خواتین کو قتل کردینا مردوں کے لئے ’’عام کھیل‘‘ ہے۔

یہ ایک اور داستان غم ہے۔ آٹھ نفوس پر مشتمل گھر میں ایک بہو بھی تھی، اس کے ہاتھوں میں گھر کی ذمہ داریوں کی لکیریں اور آنکھوں میں کچھ ایسے خواب تھے جنہیں اس نے شاید دنیا کو سمجھنے سے بہت پہلے دفن کردیا تھا، پھر بھی اُس کی آنکھیں بولتی تھیں۔ وہ روز صبح بچوں کو ناشتہ کراکے اسکول بھیجتی، پھر شوہر اور گھر والوں کے لئے ناشتہ بناتی، ساتھ گھر کے کام نمٹاتی کہ مقررہ وقت پر اُنہیں بھی مکمل کرنا تھا۔

محلے والے روزانہ رات کو اُس کی چیخیں سنتے اور وہ صبح بے دار ہوتے ہی اپنے آنسوؤں کو پونچھ کر سب پر ظاہر کرتی کہ، بہت خوش وخرم زندگی گزر رہی ہے۔ لیکن چہرے پر آنسووں کی لکیروں کے واضح نشان اس کی چغلی کھاتے دیکھنے والے اُس کا بھرم رکھنے کے لئےیوں خاموش رہتے کہ، ویسے ہی اُس نے تشدد کے وار سہتے سہتےخود کو فراموش کر دیا، ہمارے کچھ کہنے سے اُسے ایک اور قیامت سے نہ گزرنا پڑے۔ لیکن اُس دن صبح کی خاموشی میں چھپے طوفان کا کسی کو علم نہیں تھا، نہ ہی کوئی جانتا تھاکہ گزشتہ رات اس کے گھر میں ایسا کیا ہواکہ، اس کی چیخیں چہار دیواری سے باہر نہیں آئیں، محلے کی خواتین انہونی معلوم کرنے ہی کے لئے بے چین نہیں تھیں، اُس کی شکل کا دیدار کرنا بھی چاہ رہی تھیں۔

صبح سے دوپہر ہوگئی، اُس کی شکل نظر آئی، تو وہ چپکے چپکے آپس میں خدشات ظاہر کرنے لگیں۔ ایک عورت نے ارد گرد دیکھتے ہوئے کہا ’’رات کو اُس کے میاں کے مارنے، چیخنے چلانے کی آوازیں آرہی تھیں، وہ یہ سمجھ رہا تھا کہ، صرف اس کے کمرے کے درودیوار ہی اس کے زہریلے جملے سُن رہے ہیں، اسی لئے کمرے کی کھڑکیوں کو بند کرنے کا بھی تکلف نہیں کیا تھا اور پھر آہستہ آہستہ اُس کی ہیچکیاں بند ہوگئیں، مجھے لگتا ہے اُسے جان سے مار دیا‘‘۔ چند منٹ بعد ہی خاتون کاخیال سچ بن کر سامنے آگیا۔

اُس کے گھر کے کچے پکے صحن میں چادریں بچھتے دیکھ کر محلے کی ایک خاتون نے پوچھا ، کیاہورہا ہے۔’’ہماری بہو دنیا سے چلی گئی، اُس کے کفن دفن کا انتظام کر رہے ہیں۔‘‘ ساس نے دنیا دکھاوے کو روتے ہوئے کہا۔’’ وہ طبعی موت نہیں مری، اُس کو تم ظالموں نے مارا ہے، ایسے تو دفنانے نہیں دیں گے، پولیس کو بلاتے ہیں‘‘۔جواب سنے بغیر محلے کے نوجوانوں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔

اب اُن کے گھر میں ہجوم تھا،وہ پڑوسی جو کبھی اس کے گھر میں جھانکتے بھی نہیں تھے، ایسے داخل ہو رہے تھے، جیسے ان سے زیادہ کوئی اس کا ہمدرد، غمگسار نہیں۔ پولیس کارروائی ہوئی، مہینوں پولیس آتی جاتی رہی اور پھر ایسی خاموشی چھا گئی جیسے کچھ ہوا ہی نہیں، مارنا، پیٹنا، عام بات ہو۔

ربیعہ احسن
ربیعہ احسن

تازہ ترین واردات پاکستان کے شہر راولپنڈی میں، ربیعہ احسن کی ہے، جو 8نومبر 2026ء کو اپنے گھر کے بیڈ روم میں شوہر کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوئیں۔ شوہر احسن طاہر نے فائرنگ کو حادثہ قرار دیا۔ پولیس نے اسلحہ قبضے میں لے کر فرانزک تحقیقات شروع کردیں۔ ملزم نے فائرنگ کا اعتراف تو کیا، مگر اسے غیر ارادی واقعہ قرار دیا ہے۔ اس کے بیانات کی جانچ کے لیے پولی گراف ٹیسٹ کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ تاحال تحقیقات جاری ہیں۔

اس سے قبل حنا جاوید، اپنے ہی گھر میں مردہ پائی گئیں۔ ان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، جسم پر تشدد کے نشانات اور گلے میں تار لپٹی ہوئی تھی۔ اہل خانہ کے مطابق وہ پہلے بھی شوہر کے مبینہ تشدد کی شکایت کر چکی تھیں۔ پولیس نے ان کے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کیا۔ جولائی 2025 میں بلوچستان کی بانو ستکزئی کومحبت کی قیمت موت سے ملی۔ بانو اور اس کے شوہر، احسان اللہ سمالانی کو مبینہ طور پر قبائلی جرگے کے فیصلے کے تحت قتل کیا گیا۔

حنا جاوید
حنا جاوید

ورجینیا کی ممتا اور پاکستان کی ربیعہ احسن، حنا جاوید کے واقعات میں طریقۂ واردات مختلف ہے، لیکن ایک سوال مشترک ہے، عورت اپنے ہی گھر میں کتنی محفوظ ہے؟

عورت کے خلاف تشدد کی سرحدیں نہیں ہوتیں، یہ کسی ایک ملک، معاشرے یا تہذیب کا مسئلہ نہیں۔ کبھی یہ تشدد بندوق کی گولی بن کر زندگی چھین لیتا ہے، کبھی جسم کے ٹکڑے کرکے شواہد مٹانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ مغرب سے لے کر مشرق تک عورت کی زندگی کا یہ کرب ایک تلخ حقیقت ہےکہ، اُن پر تشدد، آزادی اور بنیادی انسانی حقوق سے انکار کی ایک انتہائی سفاک شکل ہے، البتہ کہیں انصاف کی تلاش میں شواہد عدالت تک پہنچتے ہیں اور کہیں انصاف کی منزل بہت دور دکھائی دیتی ہے۔

لیکن سوال صرف یہ نہیں کہ اُنہیں قتل کا اختیار کس نے دیا، سوال یہ بھی ہے کہ عورت محفوظ کہاں ہے؟ اور یہ صرف ایک عورت، ایک لڑکی، ایک مطلقہ یا خود مختار خاتون کی کہانی نہیں، ہمارے معاشرے کی ان ہزاروں عورتوں کی ہے جو تشدد کو اپنی قسمت سمجھ کر خاموش رہتی ہیں، کچھ مدد کے لیے آواز اٹھاتی ہیں اور کچھ کی آواز ہمیشہ کے لیے خاموش کر دی جاتی ہے۔

المیہ یہ ہے کہ تشدد کا آغاز اکثر گھر سے ہوتا ہے اور انجام کبھی اسپتال، کبھی تھانے اور کبھی قبرستان میں۔ افسوس ناک صورت حال یہ ہے، کسی کے لیے رشتہ اذیت کا دوسرا نام ہے اور کسی کے لیے زندگی کا مطلب صرف اگلے دن تک زندہ رہنا ہے۔ لیکن یہ کوئی نہیں جانتا کہ، ہر واقعے کے پیچھے ایک خاندان، ایک زندگی اور کئی متاثرہ افراد ہوتے ہیں۔

یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ خواتین کے لیے خطرہ صرف گلی، بازار یا کام کی جگہ تک محدود نہیں، گھر بھی ان کے لیے محفوظ نہیں۔ گھر، جسے انسان کے لیے دنیا کی محفوظ ترین پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے، بعض عورتوں کے لیے خوف، اذیت اور تشدد کی ایسی جگہ بن چکا ہے جہاں دروازے بند ہوتے ہی ان کی زندگی کا ایک نیا امتحان شروع ہو جاتا ہے۔

کسی کے چہرے پر تھپڑ کے نشان، کسی کے جسم پر تشدد کے زخم اور کسی کی آنکھوں میں وہ خوف جنہیں وہ اپنے بچوں سے بھی چھپانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن زخم بھرنے سے پہلے نیا تھپڑ،نیا نشان چھوڑ جاتا ہے، پھر وہ صبر کا گھونٹ پی کر ہونٹوں پر چپ کی مُہر لگا لیتی ہیں۔

شاید اُن کے صبر نے مردوں کے حوصلے بلند کردئے، جب ہی تو لرزہ خیز وارداتوں کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے۔ ایک کے بعد ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ایسے رونما ہو رہا ہے، جیسے درندوں کو روٹی کے نوالے مل رہے ہیں۔ ماضی سے حال تک کا سفر کچھ زیادہ مختلف نہیں، اگرچہ عورت کی ساری زندگی مسلسل سفر ہے، جس میں وہ بہت سی صعوبتوں کو برداشت کر رہی ہیں لیکن اب ان کے دل و دماغ میں ایک لفظ پیوست ہو کر رہ گیا ہے اور وہ ہے ’’کاش میں بیٹی نہ ہوتی۔‘‘

حیرت تو اس پر بھی ہے کہ، آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی مرد نے عورت کو اپنے تابع اور غلامی میں رکھنے کے لئے قوانین سے غلط تاویلیں پیش کر کے، بے بسی و مجبوری کی زندگی بسر کرنے پر مجبور کر رکھا ہے۔ جاہل مرد عورت کو مارتے،ناک کان کاٹتے، ہاتھ پاؤں توڑتے، تیزاب سے جھلسا دیتے ہیں، جب کہ تعلیم یافتہ مرد اپنی زبان کے نشتروں سے روز جلاتے، روز مارتے ہیں۔

افلاطون نے گھر کی تعریف بیان کرتے ہوئے کہا تھا،’’گھر اُس چہاردیواری کو کہتے ہیں، جہاں تمام رشتے اپنی تمام سچائیوں اور محبتوں کے ساتھ سکون مہیا کرتے ہیں، اسی سکون کا مختصر نام زندگی ہے۔‘‘ لیکن صرف سانس کی ’’آون جاون‘‘ کو زندگی نہیں کہتے، اس کے ثبوت کے لئے فکر و عمل، ہل جُل اور نیرنگیاں ضروری ہیں مگر عورت کی زندگی ایسی مجبوریوں کی دیواروں میں مقید ہے کہ،وہ آج بھی اُمید و نااُمیدی کے دوراہے پر کھڑی ہے۔

تشدد سے متاثرہ عورت کو صرف ہمدردی نہیں، مواقع، اعتماد اور اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کرنے کا حق بھی درکار ہے۔ پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد، قتل، اغوا، جنسی زیادتی اور غیرت کے نام پر قتل کے واقعات ایک ایسا معاشرتی مسئلہ ہیں جو قانون سازی اور حکومتی دعوؤں کے باوجود ختم نہیں ہوسکا۔

عورت کو ہم دردی نہیں، انصاف چاہیے

پےدر پے واقعات سوالات جنم دے رہے ہیں لیکن اہم سوال یہ ہے، جب خواتین کو تحفظ دینےکے لیے مختلف قوانین موجود ہیں۔ گھریلو تشدد کے خلاف صوبائی قوانین کے علاوہ ہراسانی سے تحفظ دینے کے قوانین اور تعزیراتِ پاکستان میں جرائم کی سزائیں اس قانونی ڈھانچے کا حصہ ہیں۔ لیکن قانون سازی کے ساتھ اس پر عمل درآمد بھی ضروری ہے، جو نہیں ہے۔

ہر انسان کا پہلا حق ہی ’’جینے‘‘ کا ہے، پھر ہم سے یہ حق کیوں چھینا جارہا ہے؟ لیکن ہم حکومتوں کے خلاف فرد جرم کیوں عائد نہیں کرتے کہ وہ حقوق انسانی کے عالمی منشور کے تحت کیے گئے اس عہد کو پورا کرنے میں اجتماعی طور پر ناکام ثابت ہوئی ہیں کہ، کسی فرد کو تشدد یا ظالمانہ، غیر انسانی یا ذلت آمیز سلوک یا سزا کا نشانہ نہیؒں بنایا جائے گا۔ تشدد کے مرتکب افراد قانون کی گرفت میں نہ آنے سے دوسروں کو شہہ ملتی ہے اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ تشدد کا ارتکاب قانون سے بالاتر ہے۔

یہی وجہ ہے کہ عورت مشرق کی ہو یا مغرب کی، ترقی پزیر ملک سے تعلق ہو یا ترقی یافتہ سے، ہر جگہ اس پر تشدد ہو رہا ہے اور صرف گھریلو ہی نہیں، مسلح تنازعات، نسلی منافرت، جیلوں، خاندان، غرض وہ اپنی زندگی کے ہر مرحلے پر متعدد اقسام کے تشدد کی زد میں رہتی ہے۔ اس کا ظہور کسی شکل میں ہو، خواتین پر اس کے اثرات کچھ زیادہ ہی مرتب ہوتے ہیں۔

۲۵ نومبر ہمیں صرف ان عورتوں کی یاد نہیں دلاتا جو تشدد کا شکار ہوئیں بلکہ ان عورتوں کی بھی یاد دلاتا ہے جو آج بھی خوف کے سائے میں زندگی گزار رہی ہیں۔ کسی کی بیٹی اپنے گھر میں محفوظ نہیں، کسی کی بہن اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کے حق سے محروم اور کسی کی ماں اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنا ہر دکھ چھپانے پر مجبور ہے۔

حکام کب تک عورتوں کی لاشیں گن کر ان کے تحفظ کے دعوے کرتے رہیں گے؟ کب تک کسی قتل کے بعد چند دن شور مچے گا اور پھر زندگی معمول پر آ جائے گی؟ کب تک عورت کو خاموش رہنے کا مشورہ دیا جائے گا اور ظلم کرنے والے کو خاندانی مصلحت کے نام پر بچایا جاتا رہے گا؟ عورت کو کسی خصوصی رعایت کی ضرورت نہیں۔

اسے وہی حق چاہیے جو ہر انسان کو حاصل ہے: عزت، تحفظ، آزادی اور انصاف۔لیکن کون ہے جو خواتین کے تحفظ کے لئے آواز اُٹھانے کو تیار ہے؟ وقت سوال کرتا ہے کہ، آج سر اُٹھا کر چلنے کی رسم نبھانے والا کون ہے ؟ وقت یہ بھی سوال کرتا ہے، معاشرے میں سُدھار کب آئے گا اور کون لائے گا؟ عورتوں پر تشدد وقت کا سُلگتا موضوع ہے، جس کا عنوان سب کو مل کر بدلنا ہوگا، تب ہی اچھا وقت آئے گا۔

حقوق انسانی کا عالمی منشور

عورتوں کو مردوں کے مساوی حقوق کے قانونی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے با اختیار ٹریبونل اور دوسرے عوامی اداروں کے ذریعے عورتوں کا ہر قسم کے امتیاز سے موثر تحفظ کیا جائے گا۔

عورتوں کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کا اعلان نامہ(آرٹیکل2)

ہر فرد کو زندگی، آزادی اور تحفظ کا حق حاصل ہے۔(آرٹیکل 3)

کسی بھی فرد کو تشدد یا ظالمانہ، تذلیل آمیز سلوک یا سزا کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔(آرٹیکل 4)

ریاستی اداروں کو اس بارے میں تمام مناسب اقدامات کرنے چاہئیں۔ مردوں اور عورتوں کے سماجی اور معاشرتی طور طریقوں کو اس طرح تبدیل کرنا کہ ان تمام تعصبات اور رسم و رواج کا خاتمہ ہوسکے، جن کی بنیاد کسی بھی صنف کی کم تری یا برتری کے تصور یا مرد اور عورت کے دقیانوسی اور رواجی کردار پر استوار ہے۔ عورت کے خلاف ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے کا اعلان نامہ(آرٹیکل 5)

تمام انسان قانون کی نظر میں برابر ہیں اور بلاامتیاز قانون کے تحفظ کا حق رکھتے ہیں۔ تمام انسانوں کو اس منشور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کسی بھی امتیاز اور اس امتیاز کے ابھارے جانے کے خلاف تحفظ کا مساوی حق حاصل ہے(آرٹیکل7)

تشدد کی نئی شکل: ڈیجیٹل دنیا میں عورت کا عدم تحفظ

عورت پر تشدد اب صرف جسمانی حملوں، گھریلو مارپیٹ یا قتل تک محدود نہیں رہا، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے ہراسانی، بلیک میلنگ، نجی تصاویر کے غلط استعمال، دھمکیوں اور کردار کشی کی نئی صورتیں بھی پیدا کر دی ہیں۔

بعض خواتین کو ان کی تصاویر یا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا جاتا ہے، بعض کو سوشل میڈیا پر بدنام کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ اس کا نتیجہ ذہنی اذیت، سماجی تنہائی اور بعض اوقات تعلیم یا ملازمت چھوڑنے کی صورت میں نکلتا ہے۔ ڈیجیٹل تشدد کو معمولی مذاق یا ذاتی تنازع سمجھ کر نظرانداز کرنا بھی متاثرہ عورت کے ساتھ ناانصافی ہے۔

سوات کی تبسم عدنان نے پہلی خواتین جرگہ کونسل کی بنیاد رکھی

ہر کہانی کا اختتام موت یا خاموشی نہیں ہوتا۔ سوات کی، تبسم عدنان اس کی ایک مثال ہیں۔ ازدواجی زندگی کے تلخ تجربات اور طلاق کے بعد سماجی مشکلات سے گزرنے والی تبسم نے اپنی زندگی کو دوسری خواتین کے لئے وقف کر دیا۔

انہوں نے سوات میں خواتین جرگہ کونسل قائم کی، جہاں انہیں اپنے مسائل بتانے اور فیصلوں کے عمل میں حصہ لینے کا موقع ملا۔ 2015 میں انہیں امریکی محکمہ خارجہ کا انٹرنیشنل ویمن آف کریج ایوارڈ بھی دیا گیا۔

تبسم نے خواتین کو بتایا کہ تشدد سے متاثرہ عورت کو صرف ہمدردی نہیں، مواقع، اعتماد اور اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کرنے کا حق بھی درکار ہے۔ وہ صرف ایک مظلوم کردار نہیں، دوسری عورتوں کے لیے حوصلے اور تبدیلی کی علامت بھی بن سکتی ہے۔

اسپیشل ایڈیشن سے مزید