کچھ مقدمات صرف عدالتوں میں نہیں لڑے جاتے، وہ انسانوں کے ضمیر پر بھی دستک دیتے ہیں۔ کچھ مقتولین کی کہانیاں ایسی ہوتی ہیں کہ ان کی موت کے بعد بھی ان کی آواز خاموش نہیں ہوتی، وہ اپنے پیچھے ایسے سوال چھوڑ جاتے ہیں جن کے جواب تلاش کرنا معاشرے اور قانون دونوں کی ذمہ داری بن جاتی ہے۔ امریکی ریاست ورجینیا میں ممتا کافلے بھٹ کا مقدمہ بھی ایسا ہی ہے۔
28 سالہ نیپالی نژاد،ممتا کافلے امریکا کی ریاست، ورجینیا میں نرس اور ایک معصوم بچی کی ماں تھی ۔ وہ امریکا میں اپنی شناخت اور مستقبل بنانے کی کوشش کررہی تھی۔یہ 24جولائی 2024ء کی بات ہے، جب اس کا رابطہ اہل خانہ سے منقطع ہوگیا، وہ معمول کے مطابق گھر سے کام پر گئی لیکن واپس نہیں آئی۔اس کے گھر والوں اور دوستوں نے اس کی گُم شدگی کو معمول کا واقعہ سمجھنے سے انکار کردیا۔
انہیں یقین تھا کہ ممتا اپنی بیٹی کو اس طرح چھوڑ کر نہیں جاسکتی۔ شک کی سوئی اس کے شوہر، نریش بھٹ کی طرف گئی اور معاملہ عدالت تک پہنچ گیا۔اس مقدمے کی سب سے غیرمعمولی بات یہ تھی کہ استغاثہ کے پاس مقتولہ کی لاش نہیں تھی، نہ آخری رسومات کی خبریں تھیں اور نہ ہی خاندان کے پاس بتانے کو کچھ تھا۔ لیکن قانون کی تفتیش نے خاموشی سے بکھرے ہوئے شواہد کو یکجا کرنا شروع کیا۔
گھر میں خون کے نشانات، ڈی این اے، خریداری کی سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل ریکارڈ، ان سب نے ایک ایسی کہانی کے مختلف حصے سامنے رکھے جسے ملزم چھپانا چاہتا تھا، مگر خون بول اُٹھا۔ مقدمے کی سماعت تقریباً چھ ہفتے جاری رہی۔ درجنوں گواہ عدالت میں پیش ہوئے۔
پھر ایک ایسا مرحلہ آیا جس نے مقدمے کو نیا رخ دے دیا۔ نریش بھٹ نے خود عدالت میں اعتراف کیا کہ اس نے ممتا کے جسم کے ٹکڑے کرکےانہیں ٹھکانے لگایا، تاہم اس کا دعویٰ تھا کہ ممتا نے خودکشی کی تھی، وہ اس کی موت کا ذمہ دار نہیں۔اب سوال یہ تھا، اگر اُس نے قتل نہیں کیا تو لاش کے ٹکڑے کیوں کئے۔ استغاثہ نے اس کے بیان کو مسترد کردیا اور جیوری کے سامنے شواہد کی بنیاد پر قتل کا مقدمہ پیش کیا۔
اس تمام کارروائی میں سینئر اسسٹنٹ کامن ویلتھ اٹارنی سارہ سمیع کا کردار خاص طور پر قابل ذکر رہا،جس نے اس مقدمے میں صرف قانونی نکات نہیں اٹھائے بلکہ ممتا کی زندگی، اس کے خوابوں اور اس کی بیٹی کے رشتے کو بھی عدالت کے سامنے رکھا۔10 نومبر 2026ء کو اختتامی دلائل کے دوران سارہ سمیع نے جیوری سے کہا کہ ،ملزم نے ممتا کو قتل کیا، اس کے جسم کے ٹکڑے کیے اور اسے کوڑے کی طرح ٹھکانے لگایا۔
ان کے الفاظ میں ایک ایسی عورت کا درد نمایاں تھا جو اب خود اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی بیان کرنے کے لیے زندہ نہیں تھی۔ سارہ، نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ ممتا کے خاندان کے لیے یہ اذیت کبھی ختم نہیں ہوگی، کیونکہ انہیں اپنی بیٹی کی شکل دیکھنے اور آخری رسومات ادا کرنے کا موقع تک نہیں مل سکے گا۔
سارہ سمیع کے دلائل کے ایک جملے نے رُلا دیا، جب اُس نے کہا،’’اس کی آخری یاد کو ملزم کے قابو میں نہ رہنے دیں۔‘‘یہ محض ایک قانونی دلیل نہیں تھی، یہ اس عورت کی شناخت اور اس کی زندگی کے احترام کی اپیل تھی جسے اس کے اپنے گھر میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ جیوری نے غور و خوض کے بعد متفقہ فیصلہ سنایا۔ نریش بھٹ کو فرسٹ ڈگری قتل، لاش چھپانے اور لاش کی بے حرمتی کے الزامات میں مجرم قرار دے دیا گیا۔
عدالت میں ممتا کے خاندان اور دوستوں کے لیے یہ لمحہ کربناک تھا۔ دو برس سے زیادہ عرصے کی بے یقینی کے بعد انہیں یہ جواب مل گیا تھا کہ ممتا کے ساتھ کیا ہوا۔ لیکن اس جواب نے ان کا دکھ ختم نہیں کیا۔
اس مقدمے کا ایک انسانی پہلو وہ بچی ہے جسےمعلوم بھی نہیں کہ عدالت میں اس کی ماں کے لیے کتنی طویل جنگ لڑی گئی۔ جب وہ بڑی ہوگی تو اسے بتایا جائے گا کہ کس طرح لوگوں نے اس کی ماں کی آواز بننے کی کوشش کی۔ممتا واپس نہیں آئے گی۔ لیکن اس مقدمے نے یہ ضرور بتادیا کہ لاش نہ ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ جرم کے شواہد بھی غائب ہوجاتے ہیں۔ قانون کی مسلسل پیروی، سائنسی شواہد اور گواہوں کی شہادت سے انصاف کی راہ نکالی جاسکتی ہے۔
سارہ سمیع کے لیے بھی یہ مقدمہ محض ایک عدالتی کامیابی نہیں ،بلکہ ایک ایسی عورت کے لیے آواز اٹھانے کی جدوجہد تھی جسے اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ ان کی کوششوں اور پوری استغاثہ ٹیم کی محنت سے ممتا کی خاموشی کو عدالت تک پہنچایا گیا۔ یوں ممتا، کی آواز مکمل طور پر خاموش بھی نہیں ہوئی۔
عدالت میں اس کی طرف سے سوال اُٹھانے والے موجود تھے اور شاید یہی اس مقدمے کا سب سے بڑا انسانی سبق ہے کہ۔ کسی عورت کی زندگی چھن جانے کے بعد بھی اس کے لیے انصاف کی جدوجہد ختم نہیں ہونی چاہیے، اس کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انصاف کی تکمیل کے لیے مارچ 2027ء تک انتظار کرنا ہو گا، جب مجرم شوہر کو سزا سُنائی جائے گی۔