اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت نےملاقات کی، بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر پارٹی کی سینئر قیادت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لگے بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات، تنظیمی معاملات اور پارٹی کے شعبہ اطلاعات کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین، پارٹی چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، سیکرٹری جنرل طارق حسن، پنجاب کے صوبائی صدر ملک ثمین اور سندھ کے صوبائی صدر سرائے نیاز خاصخیلی سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران گلگت بلتستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی، تیاریوں اور منصوبہ بندی پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی امیدواروں کے انتخاب کا طریقہ کار بھی طے کیا گیا تاکہ مضبوط اور متحرک نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔ مزید برآں، دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ممکنہ انتخابی اتحاد کے مختلف پہلوؤں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد انتخابی میدان میں مؤثر حکمت عملی اپنانا ہے۔