• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”پُرمسرت زندگی کیلئے دو باتوں سے نجات ضروری ہے، بُرے مستقبل کا خوف اور یادِ ماضی کا عذاب۔“ حکیم سنیکا۔ اَن دیکھے مستقبل کا خوف تو غار میں رہنے والے انسان کو بھی تھا مگر آج کے دور میں یہ خوف ’ایکس کی طاقت سو‘ ہو گیا ہے (بحوالہ ریاضی کی کتاب برائے جماعت ہفتم، پنجاب ٹیکسٹ بُک بورڈ)۔ ملزم کا نام مصنوعی ذہانت ہے اور استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ یہ نام نہاد ذہانت انسانوں کی ذہانت کو لے ڈوبے گی۔ کوئی نہیں جانتا کل کیا ہوگا! کس کی ملازمت رہے گی، کون سی نوکریاں ختم ہونگی، کچھ پتا نہیں، سب اَٹکل پچو ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ مستقبل کا انسان مشقت کی اذیت سے نہیں گزرے گا، طویل عمر پائیگا، پُر کیف زندگی گزارے گا، توانائی کو قابو میں کر لے گا اور سورج کو فقط چراغ دکھا کر ہی کام چلا لے گا جبکہ کسی کا قیافہ ہے کہ اے آئی انسانیت کو ہی کھا جائیگی۔لیکن مستقبل کو چھوڑ کر ہم آج کی بات کیوں نہ کریں! اگر یہ جاننا ہو کہ آج کی تاریخ میں مصنوعی ذہانت کیا کر رہی ہے تو ارُون دھتی رائے کا ’ایکویٹر‘ (Equator) میں مضمون پڑھ لیں۔ اِس موضوع پر اس سے عمدہ تحریرلکھنا ممکن نہیں۔ ایک ٹکڑا ملاحظہ ہو: ”میں ان لاکھوں مصنفین میں سے ایک ہوں جن کی کتابیں انتھروپِک نے اپنے ایل ایل ایم ماڈل کی تربیت کیلئے بغیر اجازت استعمال کی ہیں۔ کلاس ایکشن مقدمے کے نتیجے میں، مجھے ایک نوٹس موصول ہوا جس میں تصفیہ کے طور پر مجھے فی کتاب چند ہزار ڈالر دینے کی پیشکش کی گئی۔ یہ وہ کتابیں ہیں جنہیں میں نے اپنی پوری زندگی دی، لکھنے میں کئی ماہ و سال لگائے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے میری کتابیں دو ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کیں جہاں یہ مال ِ مسروقہ مفت دستیاب تھا، تاہم انتھروپک اس بات سے انکار کرتا ہے کہ اس نے کچھ غلط کیا...اب جبکہ مشین کو میری تحریر کی تربیت دیدی گئی ہے تو مجھے ڈر ہے کہ بہت جلد، جب میں اپنے اسلوب میں، ایک ایسی زبان میں لکھوں گی، جسے میں نے کئی دہائیوں تک منفرد بنانے کیلئے محنت کی، تو مجھے بتایا جائیگا کہ یہ تو میری تحریر ہی نہیں لگتی، یہ تو اصل میں اے آئی ہے۔ میں اب باقی ماندہ زندگی میں کیا کروں؟ کیا اپنے ہی طرزِ تحریر سے کترا کر چلوں؟ یا کوئی نئی زبان تلاش کروں؟ ہم اسے کیا نام دیں گے؟“ایک اور جگہ لکھتی ہیں کہ ”مصنوعی ذہانت نے ادبی دنیا کو درہم برہم کر دیا ہے، جس سے مصنفین، ناشرین، ادبی ایجنٹوں، قارئین، ناقدین، اساتذہ اور طلبہ سبھی کو ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے انکے پیروں تلے سے زمین کھسک گئی ہو۔ اب پروفیسر صاحبان طلبا کے ہر کام کو شک کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ اور ناشرین نئے مصنفین کے مسودوں کی پڑتال ایسے کرتے ہیں جیسے کوئی تفتیش کار کسی ممکنہ جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہا ہو۔“

مس رائے کا یہ مضمون سونے میں تولنے کے لائق ہے۔ اے آئی کا ایسا ناقدانہ جائزہ شاید یوال نواح ہریری نےبھی اپنی کتاب Nexus میں نہیں لیا۔ امریکہ، ایران میں لڑکیوں کے اسکول پر حملہ کرتا ہے، 120 بچیوں سمیت 156 افراد مارے جاتے ہیں مگر معافی کا ایک لفظ کسی کے منہ سے نہیں نکلتا کیونکہ یہ کسی ’انسان‘ کا کام ہی نہیں۔ بقول ارُون دھتی رائے: ”Machine-planned murders come guilt-free۔“ اور یہ تو شروعات ہے۔ آئندہ جنگوں میں بات کہاں تلک جائیگی، کچھ اندازہ نہیں۔ تخلیقی سطح پر اِس کے خطرناک نتائج ابھی سے نظر آ رہے ہیں۔ اے آئی کے پاس اداکاروں کا کام چرا کر اُن کا چربہ بنانے کا جو ہنر ہے اُس نے انسانی ذہن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا شروع کر دیا ہے۔ موسیقاروں سے لیکر اداکاروں تک اور مزاح تخلیق کرنے والوں سے لیکر رقص کرنے والوں تک،مصنوعی ذہانت سب کا چربہ بنا رہی ہے۔ وہ اِن کا مواد اٹھاتی ہے، اُس کو نقل کرتی ہے، اور کلون کردہ کرداروں کے ذریعے پیش کر دیتی ہے۔ گویا جس کام میں لوگوں نے اپنی زندگیاں لگا دیں، اے آئی اُن کا کام چرا رہی ہے اور یہی نہیں بلکہ اسے صارف کی تفنن طبع کے مطابق جنسی انداز میں ڈھال کربھی پیش کر رہی ہے۔ ہم ایسے دور میں داخل ہونیوالے ہیں جہاں ملٹی نیشنل کمپنیاں اِس مصنوعی ذہانت کی مالک ہوں گی، انسان کی ذہانت کو زنگ لگ چکا ہوگا اور پھر یہ کمپنیاں منہ مانگے داموں آپ کو ذہانت فروخت کریں گی۔ بقول سام آلٹمین، جس نے 2015ء میں اوپن اے آئی بنائی اور 2022ء میں چیٹ جی پی ٹی لانچ کیا: ”ہم ایسا مستقبل دیکھ رہے ہیں جس میں بجلی اور پانی کی طرح ذہانت کا بھی بِل آئیگا، لوگ ہم سے ذہانت کا میٹر لگوائیں گے اور پھر ذہانت خرید سکیں گے۔“ واہ۔ اپنے یہاں یہ میٹر غالباً واپڈا والے لگائیں گے۔ کوئی لائن مین پیشکش کرے گا کہ صاحب اگر آپ کہیں تو کلاڈ کا میٹر سُست کردوں، جتنا مرضی استعمال کریں، بل دو ہزار سے زیادہ نہیں آئے گا۔انسانی تخلیق کے سرقے کے علاوہ بھی مصنوعی ذہانت کے کئی مسائل ہیں۔ جس رفتار سے اے آئی کا استعمال بڑھ رہا ہے، مستقبل میں اِس کیلئے بڑے بڑے ڈیٹا سینٹرز تعمیر کرنے پڑیں گے جو ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ہیں۔ اِن سینٹرز میں موجود طاقتور کمپیوٹرز کو چوبیس گھنٹے چلانے کیلئے بہت زیادہ بجلی درکار ہوتی ہے جس سے ماحول میں زہریلی گیسوں اور کاربن کا اخراج بڑھ جاتا ہے انہیں ٹھنڈا رکھنے کیلئے روزانہ لاکھوں لیٹر صاف پانی استعمال ہوتا ہے۔ ایک اور مسئلہ اے آئی کی اخلاقیات اور اِس سے جُڑی قانون سازی کا ہے، دنیا میں کچھ درویش صفت لوگ اِس پر کام کر رہے ہیں۔ اور سب سے بڑا مسئلہ پرائیویسی کا ہے۔ اے آئی دراصل لینگویج ماڈل ہے تو یہ انسانوں کی گفتگو سے ہی ’زبان‘ سیکھتا ہے، اسی لیے ہر ماڈل میں یہ آپشن پہلے سے رکھا جاتا ہے کہ یہ آپ کی بات چیت کا ریکارڈ رکھے گا اور خود کو بہتر بنانے کیلئے اسے استعمال کریگا تاوقتیکہ آپ اسے منع نہ کر دیں۔ اِس مسئلے کا حل کمپنیوں نے یہ نکالا ہے کہ وہ لینگویج ماڈل آپ کے کمپیوٹر پر ہی انسٹال کر دیتی ہیں تاکہ کوئی بات باہر نہ جائے مگر یہ ماڈل اتنا ذہین نہیں ہوتا کیونکہ اِسکی انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہوتی لیکن اِس کے باوجود یہ اُس ہیڈ کلرک سے بہتر ہے جو نہ ڈرافٹ صحیح بنا سکتا ہے اور نہ کوئی ڈھنگ کی پریزنٹیشن۔ لیکن یہ بھی مستقبل میں مہنگا ہوتا چلا جائیگا۔

بظاہر اے آئی سلطانہ ڈاکو کی طرح کام کرتی دکھائی دیتی ہے، میرا ڈرائیور بھی چیٹ جی پی ٹی کا مفت نسخہ استعمال کرتا ہے، تاہم وقت بتائے گا کہ اے آئی سلطانہ ڈاکو ہے یا ڈاکو حسینہ!

تازہ ترین