عالمی سیاست میں دوستی کے دعوے تو بے شمار کیے جاتے ہیں، مگر حقیقی اور پائیدار رشتے وہی کہلاتے ہیں جو آزمائش کی گھڑی میں ٹھوس عملی تعاون کا روپ دھار لیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے مابین قائم تعلقات اسی لازوال جذبے کی روشن مثال ہیں۔ اب یہ تعلقات ایک نئے معاشی اور تزویراتی دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ ترکیہ نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے دستِ تعاون بڑھاتے ہوئے اپنے جدید تحقیقی بحری جہاز ’’اُروچ رئیس‘‘ کو پاکستانی سمندری حدود میں روانہ کر کے اس دوستی کو نئی عملی جہت بخشی ہے۔ یہ محض ایک تحقیقی جہاز کی آمد نہیں، بلکہ دونوں برادر ممالک کے روشن اور مشترکہ مستقبل کی تلاش کا باقاعدہ آغاز ہے۔
اس تاریخی پیش رفت کی غیر معمولی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ترکیہ کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل آلپ ارسلان بایئراکتار خود اس منصوبے میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف لائے۔ کراچی کی بندرگاہ پر تحقیقی جہاز کے استقبال کی پروقار تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی شرکت، جبکہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ترک وزیر اور ان کے وفد کے اعزاز میں دیا گیا عشائیہ اس اشتراک کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے بجا طور پر کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات تاریخی اخوت اور مشترکہ مفادات کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، اور پاکستان ترکیہ کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پُرعزم ہے۔
پاکستان کیلئےاس تزویراتی تعاون کی اہمیت اس حقیقت میں پنہاں ہے کہ ملک اپنی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ مہنگے درآمدی تیل اور گیس سے پوری کرتا ہےاورعالمی منڈی میں قیمتوں کا اتار چڑھاؤ براہِ راست ملکی معیشت، صنعت اور عام آدمی کی زندگی کو متاثر کرتاہے۔ مزیدبرآں، آبنائے ہرمز جیسے حساس سمندری راستوںمیںکسی بھی کشیدگی یا رکاوٹ سے پاکستان کی توانائی کی فراہمی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ایسے کٹھن معاشی و جغرافیائی حالات میں اپنے سمندری وسائل کی دریافت اور مقامی توانائی کے ذرائع میں اضافہ پاکستان کی معاشی بقا اور خودمختاری کیلئے ناگزیر ہو چکا ہے۔
اسی وژن کے تحت پاکستان نے تقریباً دو دہائیوں کے طویل تعطل کے بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کیلئے آف شور بلاکس کی نیلامی کا عمل دوبارہ شروع کیا، جس میں پچاس ہزار مربع کلومیٹر سے زائد رقبے پر پھیلے23بلاکس کیلئے حوصلہ افزا بولیاں موصول ہوئیں۔ اب ترکیہ کا جدید تحقیقی جہاز اُروچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں جدید سیسمک سروے کے ذریعے تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کا سراغ لگا رہا ہے۔اس سائنسی منصوبے کے تحت انڈس سی بلاک کے تقریباً چھ سو ستر مربع کلومیٹر رقبے میں جدید تھری ڈی سیسمک ڈیٹا اکٹھا کیا جائیگا، جبکہ مکران کے بلاکس میں تقریباً 2353 کلومیٹر طویل سروے لائنوں پر ٹو ڈی ڈیٹا حاصل کیا جائیگا جس سے ماہرین یہ تعین کر سکیں گے کہ کن مقامات پرہائیڈرو کاربنزکے ذخائر موجود ہونےکے امکانات سب سے زیادہ روشن ہیں۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق اس ڈیٹاکے حصول اور تجزیے کے بعد2027ء میں باقاعدہ ڈرلنگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مشترکہ کاوش کا روشن ترین پہلو ترکیہ کی جدید ٹیکنالوجی اور وسیع تجربے کا پاکستان کو منتقل ہونا ہے۔ ترکیہ نے گزشتہ برسوں میں توانائی کی تلاش اور تحقیق کے میدان میں غیر معمولی تکنیکی صلاحیتیں حاصل کی ہیں، اور اب یہ تجربات پاکستان کیلئے مشعلِ راہ بن رہے ہیں۔ ترک وزیرِ توانائی آلپ ارسلان بایئراکتار کا یہ دوٹوک عزم خوش آئند ہے کہ ترکیہ اپنی سائنسی مہارت، انجینئرنگ صلاحیتوں اور تکنیکی تجربے کو پاکستان کی ترقی کیلئے بروئے کار لائے گا۔
یہ شراکت داری اس اعتبار سے بھی منفرد ہے کہ پاک ترک تعاون محض ایک تحقیقی جہاز یا ایک منصوبے تک محدود نہیں۔ ترک سرکاری کمپنی ٹرکش پیٹرولیم کا ذیلی ادارہ انڈس سی بلاک میں پچیس فیصد حصص کے ساتھ شریک ہے، جہاں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور ماڑی انرجیز اسکے ہم قدم ہیں۔ اس موقع پر تین اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اس بات کا ثبوت ہیں کہ دونوں ممالک دوطرفہ معاشی تعلقات کو نئی وسعت دینےکیلئے سنجیدہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلاشبہ یہ سنہری موقع ہے کہ پاکستان اور ترکیہ اپنے روایتی سفارتی اور دفاعی تعلقات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہیں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معاشی خودمختاری کی مضبوط شراکت داری میں ڈھال دیں۔ پاکستان کے پاس قدرتی وسائل اور جغرافیائی اہمیت ہے، جبکہ ترکیہ کےپاس جدید مہارت اور صنعتی تجربہ موجود ہے۔ دونوں برادر ملکوں کی صلاحیتوں کا امتزاج خطے میں ترقی و خوشحالی کے نئے در وا کر سکتا ہے۔تاہم، اس منصوبے کے ثمرات سمیٹنے کیلئے ناگزیر ہے کہ سروے کے نتائج کا شفاف اور سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کیا جائے، مستقبل کی سرمایہ کاری کیلئے جامع حکمتِ عملی ترتیب دی جائے، اور پاکستانی ماہرین و انجینئرز کو اس عمل میں بھرپور شریک رکھا جائے تاکہ مقامی استعداد کار میں اضافہ ہو۔
پاکستان اور ترکیہ کی دوستی ہر دور میں عملی اقدامات کی صورت میں ڈھلتی رہی ہے۔ آج ترکیہ اپنی جدید ٹیکنالوجی اور تجربے کے ساتھ پاکستان کے سمندری وسائل کی کھوج میں اسکےشانہ بشانہ کھڑاہے۔یہ اشتراک اس حقیقت کا غمازہے کہ دونوں اقوام ایک دوسرے کی ترقی کو اپنے مشترکہ مستقبل کی ضمانت سمجھتی ہیں۔