پاکستان دنیا کے اس خطے میں واقع ہے جہاں دریائے سندھ کا ایک وسیع ماحولیاتی نظام آج بھی اس کی تہذیب و ثقافت کا گواہ اور اس خطے کی زرخیزی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ شمال کے بلند و بالا پہاڑوں سے جنوب کے ساحلوں تک جنگلات، ندی نالوں، پہاڑوں اور اس سے جڑی حیاتیاتی تنوع پر مشتمل اس ماحولیاتی نظام پر ہی اس ملک کی آبادی کا انحصار ہے۔
بدقسمتی سے یہ ماحولیاتی نظام آج دوطرفہ خطرات کا شکار ہے۔ ایک موسمی تبدیلی، دوسری نتظامی ناکامی، جس میں آلودگی، جنگلات کی کٹائی، زمین کے استعمال میں تبدیلی اور وسائل کا غیرپائیدار استعمال، جو ان وسائل سےجُڑُی مقامی آبادیوں کی معاشی ترقی میں رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے۔
آبی ذخائر کے لیے غیر پائیدار بنیادوں پر بڑے بڑے ڈیموں اور بیراجوں کی تعمیر، نہری نظام کے ناقص اور فرسودہ انتظام نے جنوب کے ڈیلٹا ئی علاقوں کو بڑھتے سمندر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے جس سے اس خطے میں موجود قدیم آبادیاں، جو کبھی خوشحال تصور کی جاتی تھیں، آج اپنی بقاء کی جنگ لڑرہی ہیں۔ 1960 میں دریائے سندھ کا84 ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں گرتا تھا اب بعض سالوں میں ڈیلٹا سے سمندر میں پانی کا اخراج 0.75 ملین ایکڑ فٹ تک محدود رہتا ہے جو سمندری پانی کو آگے بڑھنے سے روکنے کے قابل نہیں رہتا۔
تقریباً 2.2 ملین ایکڑ زرخیز زمین سمندری پانی بڑھنے کی وجہ سے ناقابل کاشت ہوچکی ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں چھ ساحلی تعلقوں کیٹی بندر، گھوڑا باڑی، میرپور ساکرو اور ضلع سجاول میں کھارو چھان، شاہ بندر اورجاتی میں 124 دیہہ سمندر برد ہوچکے ہیں یا بنجر ہوگئے ہیں۔
ڈیلٹا کی ابتر ہوتی صورتحال کی وجہ سے ٹھٹھہ و بدین میں مچھلی کی پیداوار میں گزشتہ پانچ سالوں میں 30 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اس وجہ سے ساحلی علاقوں کی یہ قدیم بستیاں جہاں شہروں کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہیں، وہیں اپنی شناخت، ثقافت اور طرز زندگی سے بھی محروم ہورہی ہیں۔
دریائے سندھ اور سمندر کے درمیان ڈیلٹا میں واقع ایسی ہی ایک بستی ’’ کھارو چھان ‘‘ہے جو کبھی دو لاکھ آبادی پر مشتمل ایک زرخیز ترین علاقہ تھا۔ کیٹی بندر سے براستہ بگان اور اس کے بعد بذریعہ کشتی کھاروچھان جانا پڑتا ہے۔1958 سے پہلے یہ تعلقہ ہیڈ کواٹر تھا جہاں سے ریڈ رائس، گھی اور مکھن برآمد کیا جاتا تھا۔
یہاں کی زرخیز زمین اتنی خوراک پیدا کرتی تھی کہ سمندر کے ساتھ ہونے کے باجود ان آبادیوں کا بنیادی پیشہ ماہی گیری نہیں بلکہ زراعت تھا۔ یہاں سے کچھ کلومیٹر دور سوکھی بندر تھا جو اب ویران ہوچکا ہے۔ سوکھی بندر میں پرانے پکے مکانات اور رائس مل کی باقیات اب بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ یہاں کا بازار اب مشکل سے دس سے پندرہ دکانوں پر مشتمل ہے، کیونکہ مقامی لوگ یہاں سے مختلف علاقوں میں چلے گئے ہیں۔
کھنڈرات کا منظر پیش کرتے اس علاقے میں اب 100 کے قریب گھر ہی بچے ہیں۔ یہاںکے لوگ اب صرف ماہی گیری کرتے ،کیکڑے پکڑتے ہیں جن سے ان کے روزمرہ اخراجات بھی پورے نہیں ہوتے کیونکہ مچھلی اور دیگر سمندری حیات اب یہاں بہت کم ہوگئی ہیں۔
ماہی گیر بمشکل اوسط دس سے پندرہ ہزار ماہانہ کماتے ہیں۔ کھارو چھان میں بجلی کبھی پہنچی ہی نہیں۔ دستیاب بنیادی سہولیات کی صورتحال یہ ہے کہ کیٹی بندر بھی گزشتہ ایک سال سے بجلی سے محروم ہے۔ یہاں نہ کوئی سرکاری ڈسپنسری ہے نہ ہی ڈاکٹر۔ ہنگامی حالت میں مریض کو کشتی میں بگان لے کر جانا پڑتا ہے۔
سمندر کا کھارا پانی، کھارو چھان میں میٹھے پانی کے تالابوں کو بھی کھارا بنارہا ہے۔ اب ایک ہی میٹھے پانی کا تالاب بچا ہے جس سے انسان اور جانور سب ہی پیتے ہیں۔ سیزن میں جب دریا میں پانی آتا ہے تو تالاب بھرتے ہیں۔ ایک دفعہ بھرنے کے بعد پانی ایک سے دو سال تک چلتا ہے۔
بغیر فلٹر تالاب میں جمع پانی استعمال کرنے کی وجہ سے یہاں کے لوگ طرح طرح کی بیماریوں کا شکار ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایس آئی یوٹی میں ہر پانچواں مریض ساحلی علاقوں کا ملے گا کیونکہ یہ علاقے بہت گندا پانی استعمال کررہے ہیں۔ یہاں صرف ایک پرائمری اسکول ہے، وہ بھی خستہ حال اور غیر فعال ہے، کافی وقت سے کوئی ٹیچر نہیں ہے۔
یہاں رہنے والے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں جن کے لیے سرکاری مدد حاصل کرنا بھی انتہائی دشوار عمل ہے۔ انہیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفاتر اور افسران تک پہنچنے میں کافی وقت لگ جاتا ہے کیونکہ یہاں سے کشتی میں کرایہ دے کر جانا پڑتا ہے اور اس کا بھی اکثر کافی انتظار کرنا پڑتا ہے۔
اس کے بعد گاڑی میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ سفر کرکے تعلقہ یا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر جانا پڑتا ہے۔ یہ پور ا عمل اتنا طویل اور پیچیدہ ہے کہ کارڈ بناتے بناتے لوگ تھک ہارکر مایوس ہو جاتے ہیں اور اکثر اس عمل کو ادھورا چھوڑ دیتے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ زمین، پانی، زراعت کے محکموں سے وابستہ افسران، انجینئرز اپنے کمروں سے باہر نہیں نکلتے، ان کی رہنمائی نہیں کرتے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ڈیلٹائی علاقوں میں سولر سسٹم متعارف کروائیں، بڑے اور محفوظ تالاب بنائے جائیں۔ حکومت یہاں ونڈ مل اور آر او پلانٹ لگائے جس سے یہاں زراعت بھی ممکن ہے۔
سندھ کے ساحلی علاقوں کو درپیش ماحولیاتی مسائل دیگر خطوں میں بھی پائے جاتے ہیں جن پر کئی ممالک نے پائیدار منصوبہ بندی ، سرکاری و غیرسرکاری کوششوں سے کسی حد تک قابو بھی پایا ہے۔ بنگلہ دیش، انڈیا، چائنہ میں ایسی مثالیں موجود ہیں۔
ویتنام میں میکانگ ڈیلٹا بھی انڈس ڈیلٹا کی طرح سمندری پانی کی سطح بڑھنے، میٹھے پانی کی کمی، ساحلی کٹاو جیسے مسائل کا شکار رہاہے۔ اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے نیدرلینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور آئی یو سی این کے اشتراک سے میکانگ ڈیلٹا انٹی گریٹڈکلائمٹ ریزیلنس اینڈ سسٹین ایبل لائیولی ہڈ پروجیکٹ منصوبے کے تحت 15600 ہیکٹرز پر مینگروز کے جنگلات لگائے گئے، 5500 فارمرز کو پائیدار پیداواری طریقوں جیسے کہ جھینگوں کی افزائش وغیرہ کی تربیت دی گئی۔
پیداوار کو منڈی سے منسلک کرنے کے فارمر گروپس بنائے گئے جنہوں نے رابطہ کاری کو ممکن بنایا۔ کھاروچھان میں میٹھے پانی کے تالاب کی موجودگی اور سیزن میں دریائی پانی کی دستیابی ظاہر کرتی ہے کہ اس علاقے میں مچھلی، جھینگے، کیکڑے کی فارمنگ کی جاسکتی ہے۔
ان علاقوں میں کھارے پانی سے پیدا ہونے والے مویشیوں کے چارے اور دیگر فصلوں کی کاشت کے منصوبے بھی شروع کیے جاسکتے ہیں جیسے کہ تھرپارکر میں کیے گئے۔ مویشیوں کی افزائش اور جھینگوں و مچھلی کے فارمر کو منڈی اور سرمائے تک رسائی کے لیے سرکاری منصوبہ بندی متاثرہ ساحلی علاقوں کو پھر سے غذائی خودمختار اور خوشحال بناسکتی ہے۔