• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے صوبے ریفرنڈم، وفاقی وزراء کے بیانات، ن لیگ یا حکومت میں کوئی باضابطہ بحث نہیں

انصار عباسی

اسلام آباد:…وفاقی وزرا، جن میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ بھی شامل ہیں،کی جانب سے نئے صوبے بنانے اور ریفرنڈم کرانے کے امکان پر سلسلہ وار بیانات کے باوجود، حکمران جماعت اور حکومت دونوں نے اب تک ان دو معاملات پر کوئی باضابطہ غور و خوض نہیں کیا۔باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ اگرچہ انفرادی سیاسی شخصیات کے درمیان خیالات کے غیر رسمی تبادلے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا، لیکن نئے صوبوں کے مجوزہ قیام یا ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے حاصل کرنے کے امکان کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) یا حکومتی سطح پر کوئی باضابطہ اجلاس، منظم بحث یا فیصلہ سازی کا عمل نہیں ہوا۔مسلم لیگ (ن) کے ایک اہم رہنما نے اس معاملے پر رابطہ کیے جانے پر اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پارٹی کے اندر دونوں میں سے کسی بھی معاملے پر کوئی باضابطہ بحث نہیں ہوئی۔ اسی طرح حکومتی سطح پر بھی کوئی باضابطہ غور و خوض نہیں ہوا جسے کسی سرکاری پالیسی یا فیصلے کی تشکیل قرار دیا جاسکے۔وزیر اطلاعات سے اس معاملے پر رابطہ کیا گیا، لیکن خبر فائل کیے جانے تک انہوں نے جواب نہیں دیا۔ذرائع نے بتایا کہ حکومتی وزرا کے بیانات میں بڑھتی ہوئی نمایاں شدت کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے، کم از کم فی الحال، اپنے پتے سینے سے لگا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فرق اہم ہے، کیونکہ نئے صوبوں اور ممکنہ ریفرنڈم کے بارے میں بحث کئی وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی شخصیات، جن میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شامل ہیں، کے عوامی بیانات کے ذریعے زور پکڑ چکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بااثر حلقے اس بحث کو آگے بڑھانے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں اور مبینہ طور پر وزرا کے حالیہ بیانات ان حلقوں کے دباؤ کی عکاسی کرتے ہیں۔ تاہم، اب تک ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے باضابطہ طور پر کسی مخصوص راستۂ کار کی توثیق کی ہو یا ایسی تجاویز کے سیاسی اور آئینی اثرات پر اتفاق کیا ہو۔حکمران جماعت بظاہر محتاط مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے اور کسی بھی باضابطہ عہد سے گریز کر رہی ہے، جبکہ یہ بحث عوامی سطح پر جاری ہے۔حکمران جماعت اور حکومت دونوں کے اندر باضابطہ غور و خوض نہ ہونے سے یہ سوالات پیدا ہوتے ہیں کہ آیا وزرا کے بیانات کسی ابھرتی ہوئی پالیسی سمت کی عکاسی کرتے ہیں یا یہ ایک وسیع تر بحث کا حصہ ہیں جسے بااثر حلقوں کی جانب سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔جب تک مسلم لیگ (ن) کی قیادت باضابطہ طور پر اس معاملے کو زیر غور نہیں لاتی، مجوزہ نئے صوبوں اور ریفرنڈم کے بارے میں حکومت کا حقیقی مؤقف غیر واضح رہنے کا امکان ہے۔ 

اہم خبریں سے مزید