• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی شہرت یافتہ شخصیت ’’لارنس آف عربیہ‘‘

کراچی کی تاریخ کے کئی ایسے گوشے ہیں جو وقت کی گرد میں اُوجھل ہوچکے ہیں۔ ان میں ایک دلچسپ باب برطانوی فوجی افسر، ماہرِ آثارِ قدیمہ اور پہلی جنگِ عظیم کے دوران عرب بغاوت میں اہم کردار ادا کرنے والے تھامس ایڈورڈ لارنس (T. E. Lawrence) کا بھی ہے، جسے دنیا ’’لارنس آف عربیہ‘‘ کے نام سے جانتی ہے۔

عرب صحراؤں میں شہرت حاصل کرنے والی اس شخصیت نے 1927ء اور 1928ء کے دوران کراچی کے ڈرگ روڈ ایئر بیس پر ایک عام فضائی سپاہی کی حیثیت سے وقت گزارا۔ 7 جنوری 1927ء کو لارنس کراچی پہنچا اور ڈرگ روڈ کے رائل ایئر فورس ڈپو (RAF Depot, Drigh Road) میں تعینات ہوا۔ اسے ایئر کرافٹ مین (Aircraftman) کا درجہ دیا گیا اور انجن ریپیئر سیکشن میں کلرک کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ اس کا کام طیاروں کے انجنوں کی مرمت کے انتظامی امور سے متعلق تھا۔

لارنس 16 اگست 1888ء کو ویلز میں پیدا ہوا۔ پہلی جنگِ عظیم کے دوران برطانوی فوجی انٹیلی جنس سے وابستگی اور 1916ء میں شروع ہونے والی عرب بغاوت میں اس کے کردار نے اسے عالمی شہرت دلائی۔ اس نے عرب رہنماؤں کے ساتھ مل کر سلطنتِ عثمانیہ کے خلاف سرگرمیاں انجام دیں۔ اس کے کردار اور برطانوی پالیسی میں اس کی حیثیت پر تاریخ دانوں کے درمیان مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ 1962ء میں بننے والی معروف فلم Lawrence of Arabia نے اس کی شخصیت کو عالمی سطح پر مزید متعارف کرایا۔

جنگ کے بعد شہرت اور ماضی کی یادوں سے دور رہنے کے لیے لارنس نے گمنامی کی زندگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ برطانوی فضائیہ (Royal Air Force) میں عام سپاہی کی حیثیت سے دوبارہ شامل ہوا اور اپنی شناخت چُھپانے کے لیے ’’ٹی ای شا‘‘ (T. E. Shaw) کا نام استعمال کیا۔ جنوری 1927ء میں اس کی تعیناتی کراچی کے ڈرگ روڈ ایئر بیس پر ہوئی، جہاں اسے ایئر کرافٹ مین کا درجہ دیا گیا۔

یہ وہ زمانہ تھا جب ڈرگ روڈ کراچی کے شہری پھیلاؤ سے الگ ایک وسیع، نسبتاً ویران اور فوجی سرگرمیوں کے لیے مخصوص علاقہ تھا۔لارنس کے کراچی قیام کا سب سے مستند اور دل چسپ حوالہ 8 فروری 1927ء کو اپنے دوست ڈک نولز (Dick Knowles) کے نام لکھا گیا خط ہے، جس میں اس نے ڈرگ روڈ کے ماحول کو غیر معمولی جزئیات کے ساتھ بیان کیا۔ یہ خط آج اس دور کے کراچی کے جغرافیے اور موسمی حالات کو سمجھنے کے لیے ایک اہم تاریخی دستاویز ہے۔

وہ اپنے خط کا آغاز کچھ اس انداز میں کرتا ہے کہ، ہم پھر اسی طویل پتے پر پہنچ گئے ہیں۔ سندھ کے صحرا کے کنارے واقع یہ مقام ریت اور ریتلے پتھروں کا ویرانہ ہے، جہاں ہموار زمین پر کیکٹس اور وادیوں میں جھاؤ کے پودے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے بقول گرم اور سرد ہوائیں گردوغبار سے بھری ہوئی تھیں۔ گرد کے طوفان کے دنوں میں انسان گرد کھاتا، اسی میں سانس لیتا، اسی کے بارے میں سوچتا اور اس سے نفرت کرنے لگتا ہے۔

طوفان نسبتاً کم آتے ہیں، لیکن اسے بتایا گیا ہے کہ گرمیوں میں روزانہ دوپہر کو چلنے والی ہلکی ہوا سہ پہر تک گرد آلود آندھی میں تبدیل ہوجاتی ہے اور غروبِ آفتاب پر فضا میں گرد کا غبار چھایا رہتا ہے۔ اس نے مزاحیہ انداز میں وعدہ کیا کہ ،گرمیوں میں دوبارہ خط لکھے گا اور یہاں کی ہوا کے چند ذرات بھی بطور نمونہ بھیجے گا تاکہ اس موسم کی حقیقت واضح ہوسکے۔

یہ بیان اس زمانے کے ڈرگ روڈ اور اس کے گردونواح کی جغرافیائی کیفیت کا پتا دیتا ہے۔ آج کراچی ایک پھیلتا ہوا جدید شہر ہے، لیکن تقریباً ایک صدی پہلے اس کے مضافاتی علاقے میں ریتلے میدان، پتھریلی زمین، جھاؤ کے جُھنڈ اور گرد آلود ہوائیں عام منظر کا حصہ تھے۔ لارنس نے اسی خط میں ایئر بیس کی روزمرہ زندگی کا بھی تفصیلی خاکہ پیش کیا۔

اس کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے وردی پہن کر پریڈ کے بعد کام شروع ہوجاتا اور دوپہر ایک بجے چھٹی مل جاتی۔ جمعرات اور اتوار مکمل تعطیل کے دن تھے، جب کہ دیگر دنوں میں نصف دن کام ہوتا تھا۔ ہر دوسرے اتوار چرچ میں حاضری لازم تھی۔ کسی اعلیٰ فوجی افسر کی آمد یا سرکاری تقریبات کے موقع پر ڈرل اور پریڈ کی تعداد بڑھا دی جاتی تھی۔ اس نے فوجی کیمپ کو بظاہر آرام دہ قرار دیا، لیکن اس کے باوجود زندگی میں یکسانیت اور فراغت کی زیادتی سے وہ خاصا پریشان تھا۔

اس کے بقول زندگی کا پندرہ سولہواں حصہ فارغ وقت پر مشتمل تھا اور اسے مصروف رکھنے کے لیے کوئی خاص مشغلہ بھی موجود نہیں تھا۔ کراچی شہر تقریباً سات میل کے فاصلے پر تھا، مگر وہاں تفریح کے مواقع بھی اس کی نظر میں محدود تھے۔ کیمپ میں گرم پانی دستیاب نہیں تھا۔ اس نے ایک بلو لیمپ اور ڈبے کی مدد سے ہر تیسرے دن اپنے لیے پانی گرم کرنے کا انتظام کیا۔ کھانے کو اس نے اچھا قرار دیا، تاہم کینٹین کے انتظامات سے مطمئن نہیں تھا۔

تنخواہ کا نظام بھی اس کے لیے دلچسپی اور پریشانی کا باعث تھا۔ اس نے لکھا کہ پانچ ماہ بعد تنخواہ کی فہرستیں جاری ہونے تک ہفتے کے صرف پانچ روپے سے گزارا کرنا پڑتا تھا۔ محدود آمدنی میں وہ موسیقی کے گراموفون ریکارڈ خریدتا اور انہیں اپنی بیرک میں سنتا تھا۔

اونٹوں کی گھنٹیاں اور کراچی کی خاموش راتیں

اس خط کا سب سے دل کش حصہ ہے، جس میں لارنس نے ڈرگ روڈ کی راتوں کا منظر بیان کیا ہے۔ اس کے مطابق اکثر شام کو اونٹوں کے گلے میں بندھی گھنٹیوں کی آواز سن کر وہ بیرک سے باہر نکل آتا۔ کسی کیکٹس کی شاخ پر اپنا ہیلمٹ لٹکاتا اور اس کے نیچے بیٹھ کر انگلستان کے ان مقامات کو یاد کرتا جہاں اس نے اپنی فوجی تربیت حاصل کی تھی۔

گھنٹیوں کی آواز اسے کسی گہرے حوض میں پانی کے قطرے ٹپکنے جیسی محسوس ہوتی تھی۔ جب اونٹوں کا قافلہ رک جاتا اور گھنٹیاں خاموش ہوجاتیں تو رات کی خاموشی اسے جنت جیسی محسوس ہوتی۔ اس نے رات کے آسمان پر چمکتے ایک سرخ نقطے کا بھی ذکر کیا، جو دراصل کینٹین کی چھت پر نصب ساٹھ کینڈل پاور کا برقی بلب تھا۔ اس نے اپنے مخصوص طنزیہ انداز میں اس کا موازنہ آسمان کے ستاروں اور جھرمٹِ جبار (Orion) سے کیا۔

اس تحریر سے اندازہ ہوتا ہے کہ ڈرگ روڈ کے اطراف میں اس وقت اونٹوں کے قافلوں کی آمدورفت ہوتی تھی۔ یہ کراچی کے اس دور کی ایک ایسی سماجی اور جغرافیائی جھلک ہے جو عام تاریخی کتابوں میں کم ہی ملتی ہے۔لارنس اپریل 1928ء میں کراچی سے تبادلے کا خواہش مند ہوا، 26 مئی 1928ء کو اسے پشاور منتقل کردیا گیا۔

کراچی میں قیام کے دوران لارنس نے اپنی کتاب The Mint پر خاصی توجہ دی، جس میں برطانوی فضائیہ کے عام سپاہیوں کی زندگی، تربیت اور فوجی کیمپوں کے تجربات قلم بند کیے۔ اس کتاب کا مواد اس نے پہلے 1922ء میں مرتب کیا تھا، تاہم کراچی میں 1927ء اور 1928ء کے دوران اس کی تدوین اور نقل کا کام جاری رکھا۔( برٹش لائبریری کے مخطوطاتی ریکارڈ میں اس کی تصدیق موجود ہے۔)

لارنس کے خطوط میں کراچی کے موسم، ڈرگ روڈ کی تنہائی، فوجی زندگی، اونٹوں کے قافلوں، گرد آلود ہواؤں اور محدود تفریحی سہولتوں کا ذکر اس اعتبار سے اہم ہے کہ یہ سب مشاہدات کسی سرکاری رپورٹ یا سیاحتی تحریر کا حصہ نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کے ذاتی تاثرات ہیں جو اپنی عالمی شہرت سے دور ایک عام سپاہی کی زندگی گزار رہا تھا۔

7 جنوری 1927ء کو کراچی پہنچنے والا لارنس مئی 1928ء میں یہاں سے منتقل ہوا۔ اس کے بعد اس کی زندگی کے مختلف مراحل جاری رہے، یہاں تک کہ لارنس آف عربیہ 13 مئی 1935ء کو اپنی موٹر سائیکل Brough Superior پر سفر کرتے ہوئے برطانیہ میں اپنے گھر کلاؤڈز ہل (Clouds Hill) کے قریب دو سائیکل سوار لڑکوں کو بچانے کی کوشش میں حادثے کا شکار ہوگیا۔

اس (T. E. Lawrence) کا انتقال انگلستان کی کاؤنٹی ڈورسیٹ (Dorset) کے علاقے بوونگٹن (Bovington) کے فوجی اسپتال میں 19 مئی 1935ء کو ہوا۔ کراچی کے لیے لارنس آف عربیہ کی یہ نسبت محض ایک عالمی شخصیت کے یہاں قیام کی داستان نہیں بلکہ شہر کی گم شدہ تاریخ کا ایک اہم حوالہ ہے۔

آج ڈرگ روڈ اور اس کے اطراف کا منظر یکسر بدل چکا ہے، مگر تقریباً ایک صدی پہلے یہاں کی گرد آلود ہواؤں، ریتلے میدانوں اور اونٹوں کی گھنٹیوں کی آوازیں ایک ایسے شخص کے خطوط میں محفوظ ہیں جس نے عرب صحراؤں کی تاریخ میں اپنا نام درج کرایا تھا۔ اس کے یہ خطوط کراچی کے ماضی کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔