• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو ہم نہ ہوں تو زمانے کی سانس رک جائے

قتیل وقت کے سینے میں ہم دھڑکتے ہیں

جمہوری کارکن نہ ہوں تو سیاسی جماعتوں کی سانس رک جائے۔ سچ تو یہی ہے کہ سیاست کے سینے میں سیاسی کارکن ہی دھڑکتے ہیں ۔لیڈر تاریخ میں اپنے نام سے زندہ رہتے ہیں۔ نئے شہر ان کے نام سے بسائے جاتے ہیں۔ ان کی قربانی کو برسوں یاد رکھا جاتا ہے ۔ان سے کہیں زیادہ قربانیاں کارکنوں نے دی ہوتی ہیں۔ ان کے خاندان جمہوری جدوجہد میں برباد ہو جاتے ہیں۔ چمکتی جوانیاں جیلوں میں گزر جاتی ہیں مگر وہ گمنامی میں ہی دفن ہو جاتے ہیں، ان کے بچوں کی تعلیم محفوظ ہے نہ روزگار۔ ان کی قبروں پر صرف پارٹی کے پرچم ہیں اور کچھ پھول ۔

ان کے خاندان مالی طور پر مستحکم نہیں ہیں۔ اسی لیے جمہوریت مستحکم نہیں ہوتی ۔اس کی حقیقی تاریخی شہادت یہ عظیم پاک سرزمین دے رہی ہے جو ایک جمہوری جدوجہد سے قائد اعظم کی قیادت میں حاصل کی گئی ۔جس کیلئے ہم تحریک پاکستان کے ان سب کارکنوں کے احسان مند رہیں گے جو ان علاقوں میں سرگرم رہے جنہیں پاکستان میں شامل ہونا تھا اور ان کارکنوں کے بھی جو ان بستیوں میں’’لے کے رہیں گے پاکستان‘‘ کے نعرے بلند کرتے رہے جنہیں اس الگ وطن میں شامل نہیں ہونا تھا ۔میں آج انہی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔

آج سے 75سال پہلے پنجاب کے قدیم مگر پسماندہ شہر جھنگ میں پہلے صوبائی انتخابات ہو رہے تھے۔ نئے نئے مہاجرین اور پرانے معزز مقامی اپنی صوبائی اسمبلی کے ارکان چننے والےتھے۔ آزاد پاکستان پارٹی کے شیخ ظہیر الدین اور مسلم لیگ کے شیخ محمد سعید مد مقابل تھے۔ باچاخان شیخ ظہیر الدین کی انتخابی مہم کیلئے جھنگ آئے تھے ۔جمہوری کارکن دونوں طرف سے جلوس نکال رہے تھے۔ پھر 1953 کی تحریک ختم نبوت میں کارکنوں کو گرفتاریاں دیتے دیکھا ۔لاہور میں ایوب خان اور محترمہ فاطمہ جناح کی انتخابی مہم پھر ایوب خان کے خلاف جمہوری تحریکیں۔ پھر 1970 کی طویل انتخابی مہم۔ جنرل ضیاء الحق کے مارشل لا کے خلاف۔ پھر بھٹو صاحب کے خلاف پی این اے کی تحریک اور آج 2026ءتک تاریخ کے ایک طالبعلم اخبارات کے رپورٹر کی حیثیت سے سب پارٹیوں کے جمہوری کارکنوں کو پولیس کی لاٹھیاں کھاتے زخمی ہوتے دیکھتا آ رہا ہوں۔1978 میں کچھ مہینے جیل میں جانا ہوا تو وہاں بیرکوں میں بند وارڈوں میں مختلف پارٹیوں کے کارکنوں کو جمہوریت کیلئے بلا خوف تقریریں کرتے سنا ۔ میں انہیں سیاسی کے بجائے جمہوری کارکن اس لیے کہہ رہا ہوں کہ سیاست کو تو سیاسی اور غیر سیاسی لوگوں نے بدنام کر دیا ہے۔ یہ بھی دیکھا کہ سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں اور عہدے داروں کی رہائش گاہیں ہر الیکشن کے بعد عام بستیوں سے پوش علاقوں میں منتقل ہوتی رہیں ۔کراچی میں بہت سے اورنگی، لالو کھیت، ناظم آباد، لیاری، ملیر سے کلفٹن ڈیفنس، لاہور میں بھاٹی گیٹ، کرشن نگر سے گلبرگ ڈیفنس میں منتقل ہوتے رہے۔ کارکن ان کے گھروں تک بسیں بدل بدل کر پہنچتے تھے ۔ الیکشن کے دنوں میں امیدوار انہیں سوزوکیاں، گاڑیاں فراہم کر دیتے تھے۔ پارٹی کو جب حکومت مل جاتی تو یہ کارکن ان عہدے داروں کے بنگلوں کے باہر کھڑے رہتے وہاں پولیس کے پہرے دار آ جاتے اندر داخل نہ ہونے دیتے۔ کہیں سے کرایہ ادھار لے کر اسلام آباد لاہور پشاور کوئٹہ کراچی یہ کارکن پہنچتے۔ کل تک جو سیاستدان انہیں آنکھوں پر بٹھاتے تھے اب انہیں وہ سرکاری گاڑیوں میں بڑی تیزی سے گزرتے دیکھتے ۔

میں نے جمہوری کارکنوں کی یہ حالت زار مسلم لیگ میں بھی دیکھی ۔عوامی لیگ نیشنل عوامی پارٹی بھاشانی۔ نیشنل عوامی پارٹی ولی خان۔ پاکستان پیپلز پارٹی۔ تحریک استقلال۔ پاکستان تحریک انصاف ۔ متحدہ قومی موومنٹ میں بھی ۔

پاکستان کے قیام کو 80 سال گزر رہے ہیں کسی سیاسی پارٹی نے اپنی حکومت کے دور میں یا ویسے اپنی اس ریڑھ کی ہڈی یعنی کارکنوںکیلئے کوئی فلاحی فنڈ قائم نہیں کیا۔ بھارت میں یہ تو ہوا کہ انہوں نے تحریک آزادی کے کارکنوں اور ان کے خاندان کیلئے پنشن فنڈ قائم کیا۔ انڈیمان جزیرے کے قیدیوں کیلئے 30 ہزار ماہانہ بیرون ملک سے جدوجہد کرنے والوںکیلئے 28 ہزار عام کارکنوںکیلئے 26 ہزار مہنگائی کے ساتھ ساتھ اس الاؤنس میں اضافہ بھی ہوتا ہے۔ بیواؤں اور ان کے بچوں کیلئےبھی پنشن مفت ،علاج مفت، سفر راجدھانی دلی میں مفت قیام۔

ایران میں بنیاد شہید و امور ایثار گراں فنڈ ۔جناب امام خمینی نے مارچ 1980 میں قائم کیا ۔قومی بجٹ سے براہ راست فنڈز مختص کیے گئے۔ انقلاب کے شہیدوں زخمیوںکیلئے ماہانہ امداد اور ہاؤسنگ اسکیمیں۔ ویتنام میں کارکنوں کی خدمات کیلئے اعترافی فنڈ جس میں ہاؤسنگ اسکیمیں بھی شامل ہیں ۔عراق میں شہداء فاؤنڈیشن اسی مقصد کیلئے ۔گھانا میں اسی مہینے کارکنوں کیلئے پنشن شروع کی گئی ہے۔ چین میں پارٹی فیس سے قریباََ 38 ملین یو ان کمیونسٹ پارٹی کے غریب بوڑھے بے روزگار کارکنوں کیلئے وقف ہیں۔جرمنی میں سب سے بہتر انتظام ہے ۔ہر بڑی پارٹی کو سرکاری فنڈز ملتے ہیں ۔انہوں نے سیاسی فاؤنڈیشنیں قائم کی ہیں۔ جہاں کارکنوں کو سیاسی تعلیم، ٹیکنالوجی کی تربیت دی جاتی ہے ۔وہاں تصور یہ ہے کہ جمہوریت صرف ووٹ سے نہیں تربیت یافتہ کارکن سے مستحکم ہوتی ہے ۔

جماعت اسلامی کے ہاں تو کارکنوں کی تربیت کیلئے ان کی فلاح کیلئے اپنے انتظامات ہیں ۔جمعیت علماء اسلام بھی کسی نہ کسی طور یہ کر رہی ہے۔ مگر بڑی سیاسی پارٹیاں جو لاکھوں کارکنوں کا دعویٰ کرتی ہیں ۔1985 سے باری باری حکومتیں بھی کر رہی ہیں ۔اب بھی حکومت میں ہیں ان کے کارکن کسی قسم کے تحفظ سے بھی محروم ہیں ۔ منظور نظر کارکنوں کی امداد کی جاتی ہے ۔لیکن باقاعدہ کارکنوں کیلئے کوئی ایسا فنڈ نہیں ہے۔ میری تجویز یہ ہے کہ ان کیلئے کارکن فلاح فنڈ قائم کیا جائے۔ گرفتار اور شہید کارکنوں کے بچوں اور خاندانوں کی کفالت اور تعلیم کیلئے وظائف ۔جرمن ماڈل پر ہر جماعت کی سیاسی اکیڈمی ہو ۔چھ ماہ کا ڈپلومہ۔ آئین، معیشت، میڈیا ،عوامی خطاب کی تربیت کیلئے۔کارکن صرف نعرے لگانےکیلئے نہیں بلکہ اسے رہبری اور انتظامیہ کی تربیت دی جائے۔ اعزاز اور ایوارڈز کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ کارکنوں کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کریں شہداء اور جدوجہد کرنے والے کارکنوں ان کے ورثا کیلئے کارکن ویلفیئر فنڈ جس میں کارکنوں کیلئےباضابطہ مکانات کی تعمیرکیلئے اسکیمیں بھی ہوں اور ان کے بچوں کیلئے روزگار کا اہتمام سب سے زیادہ ضروری ہے نوکری اور بیماری کا مفت علاج ۔ہم نے دیکھا ہے کہ اکثر سیاسی کارکن بڑھاپے میں بالکل لاوارث چھوڑ دیے جاتے ہیں ۔کیا ان سیاسی سربراہوں کو احساس نہیں ہے کہ وہ خاتون وہ نوجوان جو ہر روز گلی گلی گاؤں گاؤں جا کر پارٹی کی رکنیت اور انتخابی مہم کیلئے کام کرتے ہیں جب وہ بوڑھے ہو جائیں تو ان کو کہیں سے تو مہنگی ادویہ مفت ملنے کا آسرا ہو۔

تازہ ترین