محققین نے غالب کے اشعار میں فلسفہ، تصوف، رومان، انا پرستی اور باغیانہ پن تو تلاش کیا ہے مگر طعن و تشنیع کا اُس طرح احاطہ نہیں کیا جیسا کہ اِس کا حق تھا۔ شاید اُن کا خیال ہو کہ ایسا کرنے سے اِس عظیم شاعر کا قد گھٹ جائیگا مگر میں ایسا نہیں سمجھتا۔ تخلیقی انداز میں طعنے دینا یا طنز کرنا کوئی آسان کام نہیں اور غالب نے یہ کام نہایت عمدگی سے کیا ہے۔ اور پھر غالب نے خود بھی اپنی اِس عادت کا اعتراف کیا ہے: ’نکالا چاہتا ہے کام کیا طعنوں سے تُو غالب، ترے بے مہر کہنے سے وہ تجھ پر مہرباں کیوں ہو؟‘ شاعر لوگ محبوب کی منتیں ترلے کرتے ہیں اور ہمارا غالب طعنے دیکر کام نکالنا چاہتا ہے مگر جانتا ہے کہ یہ وار بھی اُلٹا ہی پڑے گا۔ ویسے یہ غالب کی بہترین غزلوں میں سے ایک ہے، تمام شعر ہی لاجواب ہیں، کچھ میں طعنے ہیں، کچھ میں رومانس اور کہیں درد۔ اسی غزل کا شعر ہے: ’کہا تم نے کہ کیوں ہو غیر کے ملنے میں رسوائی، بجا کہتے ہو، سچ کہتے ہو، پھر کہیو کہ ہاں کیوں ہو؟‘ پہلے مصرعے میں غالب کہتے ہیں کہ تم غیر سے ملتی ہو اور اوپر سے طنطنے کے ساتھ کہتی ہو کہ ہاں ملتی ہوں، اِس میں کیا غلط ہے، he is just a friend، اور دوسرے مصرعے میں طنزیہ انداز میں فرماتے ہیں کہ اچھا، پھر ذرا اونچا بولو تاکہ سب سن لیں۔ اور وہ طعنوں بھرا مشہور شعر تو سب کی زباں پر ہے کہ ’یہ فتنہ آدمی کی خانہ ویرانی کو کیا کم ہے؟ ہوئے تم دوست جس کے، دشمن اُس کا آسماں کیوں ہو؟‘
غالب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ صرف محبوب ہی کو نہیں، خود کو بھی طعنے دیتے ہیں۔ ’اِس بزم میں مجھے نہیں بنتی حیا کیے، بیٹھا رہا اگرچہ اشارے ہوا کیے۔‘ یعنی میں محبوب کی محفل میں بے حیا بن کر بیٹھا رہا، اگرچہ وہاں لوگوں نے اشاروں کنایوں میں میری بے عزتی کی۔ اور اسی غزل میں آگے فرماتے ہیں: ’صحبت میں غیر کی نہ پڑی ہو کہیں یہ خُو، دینے لگا ہے بوسہ بغیر التجا کیے۔‘ ذرا بدگمانی اور طعنہ زنی ملاحظہ ہو کہ محبوب بغیر کسی پس و پیش کے بوسے دے رہا ہے، یہ عادت یقیناً اسے غیر کی صحبت سے ملی ہوگی۔ اور یہ طعنہ دیکھیں: ’قسم جنازے پہ آنے کی میرے کھاتے ہیں غالب، ہمیشہ کھاتے تھے جو میری جان کی قسم آگے۔‘ گویا محبوب اِس قدر دو نمبر ہے کہ کبھی وہ محبت کا دعویٰ کرکے میری جان کی قسم کھاتا تھا اور اب نفرت کا یہ عالم ہے کہ میرے مرنے کی خواہش کرکے کہتا ہے کہ اب تمہارے جنازے پہ ہی آؤں گا۔ ساقی کو بھی غالب نے کہیں کہیں طعنے دیے ہیں: ’میں اور بزمِ مَے سے یوں تشنہ کام آؤں! گر میں نے کی تھی توبہ، ساقی کو کیا ہوا تھا؟‘ مراد یہ کہ اگر میں نے مروتاً کہہ ہی دیا تھا کہ میں شراب سے تائب ہو گیا ہوں تو کیا ساقی کو عقل نہیں تھی کہ شرابیوں کی توبہ کا کچھ مطلب نہیں ہوتا، اُسے چاہیے تھا کہ اپنی جاب ٹھیک طریقے سے نبھاتا، اُسکی نالائقی کی وجہ سے میں محفل سے تشنہ کام ہی چلا آیا۔ اسی طرح غالب کے کچھ اشعار ایسے ہیں جن میں وہ طعنہ زنی تو نہیں کر رہے بلکہ اُلٹا اپنی بے بسی کا رونا رو رہے ہیں مگر نہ جانے کیوں میرا دل کرتا ہے کہ اُن اشعار کو بھی اسی زمرے میں شامل کر لوں۔ اِن میں میری پسندیدہ غزل ’غنچۂ ناشگفتہ کو دور سے مت دکھا کہ یوں‘ کے دو شعر بھی شامل ہیں۔ ’رات کے وقت مَے پیے، ساتھ رقیب کو لیے، آئے وہ یاں خدا کرے، پر نہ کرے خدا کہ یوں۔‘ پہلے مصرعے میں حسبِ عادت محبوب پر شک کا اظہار کرکے طعنہ دیا ہے کہ یقیناً وہ رات کو نشے میں رقیب کی آغوش میں ہوگا، اور اگر ایسا ہے تو کاش وہ اِسی حالت میں میرے سامنے آ جائے، پھر میں اس سے نمٹوں گا، لیکن ساتھ ہی پینترا بدل کر کہتے ہیں کہ اللہ نہ کرے ایسا ہو۔ دوسرا شعر: ’غیر سے رات کیا بنی، یہ جو کہا تو دیکھیے، سامنے آن بیٹھنا اور یہ دیکھنا کہ یوں۔‘ وہی شکی مزاج رویہ۔ محبوب سے رقیب کے ساتھ رات کی ملاقات کی بابت پوچھا، ظاہر ہے کہ ایسی باتیں طعن و تشنیع کے انداز میں ہی پوچھی جاتی ہیں، جواب میں محبوب نے جو کہا اُس کا پنجابی میں ترجمہ کیا جائے تو یوں ہوگا کہ ’توں مینوں ڈائریکٹ ای پُچھ لیا اے!‘ محبوب کے لب و لہجے پر بھی غالب نے خوب گرفت کی ہے۔ ’ہر ایک بات پہ کہتے ہو تم کہ تُو کیا ہے، تمہی کہو کہ یہ اندازِ گفتگو کیا ہے؟‘ گویا mind your language please۔ اور اسی غزل کے مقطع میں استاد ابراہیم ذوق کو طعنہ دیا جو زبان زد عام ہوا: ’ہوا ہے شہ کا مصاحب، پھرے ہے اِتراتا، وگرنہ شہر میں غالب کی آبرو کیا ہے؟‘ غالب کے طعنوں سے دوست احباب اور واعظ حضرات بھی محفوظ نہیں رہے۔ ’یہ کہاں کی دوستی ہے کہ بنے ہیں دوست ناصح، کوئی چارہ ساز ہوتا، کوئی غم گسار ہوتا۔‘ اور واعظ کے ساتھ سلوک تو ضرب المثل بن چکا ہے: ’کہاں مے خانے کا دروازہ غالب اور کہاں واعظ، پر اتنا جانتے ہیں، کل وہ جاتا تھا کہ ہم نکلے۔‘ کمال یہ ہے کہ کوئی الزام نہیں لگایا، اسے کہتے ہیں بغیر ایف آئی آر کے بندہ نامزد کرنا۔ اور پھر انصاف کا تقاضا پورا کرتے ہوئے اپنی بھی خبر لی: ’کعبے کس منہ سے جاؤ گے غالب، شرم تم کو مگر نہیں آتی۔‘انصاف سے یاد آیا کہ آج کل سستا اور فوری انصاف کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ المعروف سی سی ڈی سے دستیاب ہے۔ چلتے چلتے غالب کا ایک شعر سی سی ڈی کی نظر: ’اسد بسمل ہے کس انداز کا قاتل سے کہتا ہے، کہ مشقِ ناز کر خونِ دو عالم میری گردن پر۔‘ اِس شعر کی تشریح کچھ یوں ہے کہ سنگ دل محبوب جو ہاتھ میں تلوار لیے کھڑ ا ہو وہ ہر کسی کے خون کے درپے ہوتا ہے، ایسے محبوب کو مخاطب کرکے شاعر کہتا ہے کہ تو بے فکری سے قتل و غارت کا سلسلہ جاری رکھ، روزِ قیامت یہ سب میں اپنی گردن پر لے لوں گا۔ اب قیامت کے روز خدا کیا فیصلہ کرے گا یہ تو وہ ہی جانتا ہے۔