• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکرمی جناب عطا الحق قاسمی صاحب!

جناب والا! میں ابھی آپ کے کالم’گنج ہائے گراں مایہ‘ کےسنسنی خیز مزاح سے تفریح لے رہا تھا کہ اچانک میرے بچپن کا دوست اقبال انبالوی غصے سے ’بال پیلا‘ہو کر میرے پاس آیا یوں محسوس ہوا کہ اس کا اپنا بال اس کی آنکھ میں آگیا ہے۔ اس نے اپنی وگ (wig) کو میرے سر کی طرف یوں پھینکا جیسے کوئی ایرانی ڈرون اپنے ٹارگٹ کی طرف آتا ہے اور یہ اڑتی ہوئی ایسے میرے قریب لینڈکی جیسے اس میں کوئی انڈین پائلٹ بیٹھا ہو۔مجھے اس میں سے کوئی بارود نما بو بھی محسوس ہوئی لگ رہا تھا کہ اس کی وگ کو بھی بالوں کے ساتھ اڑنے کا تجربہ ہو چکا ہے ،سن رسیدہ ہونے کی وجہ سے وگ کے اپنے کچھ بال بھی آگے پیچھے کھسک چکے تھے۔آج کل ’ان بالوی ‘ کے سر پر’اک بال‘نہیں مگر نزدیک سے ’متر پردیش‘ کا’وگیانک‘ اور دور سے’بالکا‘ دکھائی دیتا ہے۔کہنے لگا کہ قاسمی صاحب نے گنج ہائے کے ساتھ "وگ ہائے گراں مایہ"کا ذکر کیوں نہیں کیا حالانکہ اب یہ وگ میرااٹوٹ انگ بن چکی ہے جو اسی کالم کے عنوان کا اردو ترجمہ ہے۔

بغیر وگ کے جب میری نظر انبالوی پر پڑی تو مجھے یہ کوئی حیوانیت سوزواقعے کا کردار لگا اور پھر میرے سامنے چائنہ کا نہیں ایمازون کا گنجا رونما تھا۔اس کے سر کا زیرو بم مجھے علی عظمت کے سر کے’نقش کا لعدم ‘پر چلتا محسوس ہوا۔میرا دوست وقار مجروح، اقبال انبالوی کو بچپن سے ہی بالا آن بالوی کہتا ہے حالانکہ جوانی میں وہ بھی بالڈ(Bald) تھا۔انبالوی کے مطابق وقار کی کالی زبان کی وجہ سے اسے یہ دن دیکھنا پڑے ہیں۔ورنہ اس کا سر گھٹا تھا مگر وقار کے مطابق یہ بذات خود ’بال خورا‘ہے اس کے بال ایف اے کے دوران اس کی بھنویں بھی ساتھ لے اڑے تھے ۔انبالوی فوری گویا ہوا ،مجھے زندگی میں صرف میرے بالوں نے دھوکہ دیا ہے ورنہ میرا جسم ایسا ہے کہ ہر قسم کی نک ٹائی مجھے پوری آ جاتی ہے۔کہتا ہے میرا پہلا بال شاید جمعرات کو جھڑا تھا اس کے بعد جھڑی لگی ہے جو آج تک نہ رک سکی ہے۔گنجے پن کی اس بیماری نے ایسے پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا چنانچہ گمشدہ بالوں کی’بال یا بی‘کے لیے ادھر ادھرسرگرداںہوا۔اسے کسی ہومیوپیتھک کی انتھک محنت کام آئی نہ کسی حکیم کی حکمت عملی اور نہ ہی اتنی رقم تھی کہ یہ اپنے سر کو ڈھنگ سےڈھانپ سکے۔قبل ازیں اسے اپنے بالوںکے جھڑنے کی اتنی پروا نہیں تھی لیکن جب اس نے محسوس کیا کہ اب کنگھی سر پر یوں بے راہ روی سے چلتی ہے جیسے اس کے کتے فیل ہو گئے ہوں اور یہاں پر یہ اپنے دانت کھٹے محسوس کرتی تھی کنگھی بھی بالوں کی پیمائش کا بیرومیٹر ہے پہلے یہ بال سنوارتی ہے پھر بالوں کی پیشانی سے گدی تک سرگم شماری کرتی ہے۔ہر دفعہ کنگھی کے دانتوں میں دو چار بال پھنسے دیکھ کر اسے یوں لگتا تھا جیسے سر سے کسی شئے نے نقل مکانی کا پلان بنا ہو۔یہ اپنی بیوی کا بھی لٹ بردار ہے۔ایک دن اسکی بیگم نے پوچھا’’آپ کنگھی کرتے اتنی دیر کیوں لگاتے ہیں؟“کہنے لگا’’یہ بال سنوارنے کی نہیں ان سے آخری ملاقاتوں کی گھڑی ہے‘‘۔پھر یوں سمجھ لیں اس نے کاٹھ کے گھوڑے بیچ کر وگ کا جب انتظام کرنے کا سوچا تب اسے یہ رینٹ پر ملنا مشکل دکھائی دیا بہرحال اس وقت اس کے لب پر تھا۔

اپنے سر اک بلا تو لینی تھی

وگ نے یہ ’زلف‘ اپنے سرلی ہے

انبالوی اسے سر پر رکھتے ہی آنکھیں بھی سر پر رکھ لیتا ہے اور ساتھ کہتا ہے زلف دراز مانگ کے لائے تھے چار دن کچھ دو بدو میں کٹ گئی کچھ ہسپتال میں ۔چنانچہ ’بال دیگر‘انبالوی نے حصول وگ کی کوششیں شروع کیں اس نے گنجی بار کے رہنے والے وگ ڈیزائنر کمال سے رابطہ کیا ہے کیونکہ یہ وگ ساز بھی بچپن ہی سے’’بے بال‘‘ تھا اور اس لیے اسے گنجے پن کا وسیع تجربہ بھی ہے۔کمال جیسی بھی وگ بنائے لیکن ہوتی یہ ’ کمال ‘کی ہے کیونکہ یہ کسی گنج پر بال جتنی گنجائش بھی نہیں چھوڑتا اور اب یہ وگ بنانے والا برانڈڈ نام بن چکا ہے جس کا کوئی"name البدل"نہیں ہے۔یہ کہتا ہے وگ لگا کر اس کی باگیں کبھی ڈھیلی نہ چھوڑیں پھر اس کے بعد کوئی اس کا بال بیکا نہیں کر سکے گا۔کمال کہنے لگا جب بھی کوئی انبالوی کی طرح کا ’لابال‘ میرے پاس سراسر اپنی مرضی کی مرضانگی دکھانے آتا ہے تو اپنی گنج کا رنج بھول جاتا ہے۔میں نے اپنی وگ میں خود کار’’ بال لیدگی “ڈال رکھی ہے اگر کسی کا سر پاسپورٹ سائز کا نہ ہو تو اس میں پیکنگ رکھ کر بڑا چھوٹا کرنے کیلئے ایڈجسٹمنٹ بھی موجود ہے۔بعض اوقات لوگ میرے گاہک کو کہہ دیتے ہیں کہ اس کے سر میں بھس بھرا ہے حالانکہ اس بھس سے وگ کنندہ کو دھچکا لگتا ہے نہ میرے کاروبار کو چنانچہ لڑائی میں بھی یہ سر کا بھر کس نکلنے سے بچاتی ہے۔کسی کا پیسہ بولتا ہے اور کسی کا اخلاق مگر میری صرف وگ بولتی ہے بلکہ سر پر سوار ہوتے ہی یہ گنگناتی ہے’’ساڈی عجب کہانی اے!بھٔل کے پرانے دکھڑے! نویں دنیا وسانی اے!‘‘ (جاری ہے)

تازہ ترین