• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوات موٹر وے کی تعمیر کا افتتاح آج ہوگا،41ارب روپے لاگت آئے گی

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر موٹر وے کی تعمیر کا فیصلہ کرتے ہوئے ’’ سوات موٹر وے‘‘ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا افتتاح آج وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور عمران خان کریں گے ، کرنل شیر خان انٹر چینج سے چکدرہ تک81کلو میٹر 6رویہ موٹر وے کی تعمیر پر41ارب روپے کی لاگت آئے گی ، سوات موٹر وے پر 6مختلف مقامات پر انٹر چینج تعمیر کئے جائیں گے ، صوبائی حکومت نے  منصوبہ کا تعمیراتی کام  ایف ڈبلیو او کے حوالے کیا ہے،81کلومیٹر موٹروے میں ڈیڑھ ڈیڑھ کلومیٹرکے دوٹنل بھی تعمیر کئے جائیں گے ، منصوبہ کی تکمیل سے نہ صرف سیاحت اور علاقائی ترقی میں مدد ملے گی بلکہ مردان سمیت صوابی،سوات،اپردیر،لوئردیراورچترال کو خصوصی فائد ہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات اکبر ایوب خان اور صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق احمد خان نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاکہ ’’ سوات موٹروے‘‘  ملک کی تاریخ کا پہلا صوبائی موٹر وے ہوگا کیونکہ اس سے قبل پورے ملک میں کسی صوبائی حکومت نے موٹر وے تعمیر نہیں کیا ہے، انہوں نے کہاکہ سوات موٹر وے کرنل شیر خان انٹر چینج سے چکدرہ تک ہوگی جس کا افتتاح آج وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کریں گے انہوں نے موٹرے وے کی تعمیر اور اراضی کے حصول کےلئے لاگت کا تخمینہ41ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ منصوبہ ڈیڑھ سال کے عرصہ میں مکمل ہوگا ،انہوں نے کہاکہ  سوات موٹروے نہ صرف ملاکنڈ ڈویژن بلکہ پورے صوبہ کیلئے ایک گیم چینجر منصوبہ ہوگا جس سے کم از کم2گھنٹے کی مسافت کم ہوگی بلکہ عوام میں بہترین سفری سہولیات بھی میسر ہوں گی ،اکبرایوب نے وضاحت کی کہ اوپن بولی کے بعد ایف ڈبلیواوکوتعمیراتی کام حوالے کیاگیاہے اورہماری خواہش بھی تھی کہ تعمیر وترقی کے حوالے سے اس کمپنی کی خدمات بہت زیادہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پرویزخٹک کیساتھ عمران خان کرنل شیرانٹرچینج اور چکدرہ چوک میں منصوبوں کا افتتاح کریں گے اس کے علاوہ عمران خان تھانے میں آج ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کرینگے۔پریس بریفنگ کے دوران سوات سے تعلق رکھنے والے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک محب اللہ نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن خیبرپختونخوامیں آبادی اور رقبے کے لحاظ سے ایک بہت بڑے علاقے پرمحیط ہے لیکن69سال گزرنے کے باوجود اس علاقے میں میگاپراجیکٹ کااعلان نہیں کیاگیااس لئے صوبائی حکومت نے صوبائی موٹروے کے منصوبے کاآغازکرتے ہوئے ملاکنڈڈویژن کے عوام کو ایک بہت بڑاتحفہ دیاہے۔یہ موٹروے کا فیز ون ہے فیزٹو کیلئے وفاقی حکومت نے باقاعدہ طو رپر گزشتہ تین سالوں سے وعدے کئے ہیں لیکن تاحال اس وعدوں کو ایفانہیں کیاگیاصوبائی حکومت نے فیز ٹوکے ڈیزائن کیلئے بھی رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں رقم مختص کی گئی ہے اورہماری کوشش ہے کہ وفاق کو اس بات پر مجبورکیاجائے کہ چکدرہ تا کالام روڈ کی تعمیر کاآغازکیاجاسکے۔
تازہ ترین