• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک کی 29 ویںتاریخ کو جب ملک بھر میں عید کی تیاریاں جاری تھیں بہاولپور میں احمد پور شرقیہ کے قریب صبح کے وقت آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے ہونے والی ہولناک اور روح فرسا تباہی نے فی الواقع عید کو ماتم میں بدل دیا ہے۔ تادم تحریردستیاب اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں ایک سو چالیس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ درجنوں زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ پر یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کے سلپ ہوجانے کی وجہ سے تیل سڑک پر بہنے لگا اور لوگ بڑی تعداد میں پٹرول جمع کرنے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔اس دوران آئل ٹینکر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا اورجس کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت بہت سے لوگ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آگئے اور درجنوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کے علاوہ بری طرح جھلس جانے کی وجہ سے درجنوں افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کے باعث جانی نقصان میں اضافے کا قوی خدشہ ہے ۔ جاں بحق ہوجانے والے بیشتر افراد اس بری طرح جھلس گئے ہیں کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے بغیر ان کی شناخت ممکن نہیں۔ عین عید کے موقع پر ہونے والے اس سانحہ نے پوری قوم کو شدید طور پر سوگوار اور سینکڑوں گھرانوں کے لیے دائمی کرب کا سامان کردیا ہے۔اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق دے۔ اس حادثے کا یہ پہلو بہرحال انتہائی توجہ طلب ہے کہ اس کا سبب خود عوام کی یہ بے احتیاطی بنی ہے کہ فائر بریگیڈ اور متعلقہ اداروں کو طلب کرنے کے بجائے بہتے ہوئے پٹرول کو جمع کرنے میں لوگوں نے زیادہ لچسپی کا ثبوت دیا ۔ عوام میں یہ شعور پیدا کیا جانا ضروری ہے کہ ایسے مواقع پر پوری طرح محتاط رویہ اختیار کیا جانا چاہیے اور کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہیے جو صورت حال کو سنگین تر بنانے کا سبب بن سکتا ہو۔

 

.

تازہ ترین