لاہور،اسلام آباد ( نما ئندگا ن جنگ ،مانیٹرنگ سیل،نیوز ر پورٹر ) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی امیرمولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر،مولانا خواجہ عزیزاحمد،مولانا حافظ ناصر الدین خاکوانی،مولانا عزیزالرحمن جالندھری،مولانا اللہ وسایا،مولانا اسماعیل شجاع آبادی ،مولانا عزیز الرحمن چانی ،مولانا عبدالنعیم نے رانا ثناء کا ایک نیوزچینل پرقادیانیوں کو مسلمان ثابت کرنے پر شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرقانون پنجاب کا قادیانیوں کو مسلمان ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرنا اسلامی قوانین سے ناواقفیت اورآئین پاکستان سے بغاوت کے مترادف ہے۔
رانا ثناءاللہ کا اسلام اور وطن دشمن عناصرقادیانیوں کی حمایت کرنا افسوسناک ہے اس بیان سے پوری ملت اسلامیہ کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔رانا ثناء نے کس طرح منکرین ختم نبوت مسلمان قراردے رہے ہیں آخران کے اس بیان کے پیچھے کیا مذموم مقاصد ہیں۔اس موقع پر علماء نے اراکین پنجاب اسمبلی کی ایوان میں قراردادکی تعریف کی۔
علماء نے حکومت پنجاب کی طرف سے ختم نبوت جیسے آئینی اور قانونی موضوع پر لاہور میں ایک ماہ کی پابندی کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طورپر اس پابندی کو ختم کرے۔اجلاس میں طے کیا گیا کانفرنس کی دعوتی مہم بھرپور اندازمیں چلائی جائیگی اور مدارس کا دورہ بھی کیا جائے گا۔جبکہ صوبائی وزیرقانون کےبیان پر ملک کے کئی شہروں میں لوگ سراپا احتجاج بن گئے ۔ رانا ثنا ءکیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مظاہرین نے ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کرنے والوں اور رانا ثنا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔لاہور پریس کلب کے باہر رانا ثناکے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی گئی ۔فیصل آباد میں کچہری بازار میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ صادق آباد میں مذہبی وسماجی جماعتوں نےریلی نکالی ۔ ریلی کے شرکا نے ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کرانے والوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ ریلی غوثیہ چوک سے شروع ہو کر ریلوے چوک پراختتام پذیر ہوئی ۔بہاولپور میں مذہبی جماعتوں نے رانا ثنا کے بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔جبکہ ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کی کوشش کرنے والے کرداروں کو قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا ۔بنوں میں ختم نبوت قانون میں تبدیلی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا ۔گوجرا نولہ میں لوگوں نے رانا ثنا کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ جھنگ میں ریلی کا آغاز مرکز سیدالشہدا ء سرگودھاروڈ سے ہوا اور ایوب چوک پہنچ کر ریلی کے شرکاء نے مظا ہرہ کیا اور ٹریفک بلاک کئے رکھی ۔ ریلی میں تحریک آزادی جموں کشمیر ،اہلسنت والجماعت ، مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نےشرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر آغا طارق ،اہلسنت والجماعت کے علامہ رفیق ،شیعہ علماء کونسل کے صدر سید مسعودالحسن ،تحریک آزاد جموں و کشمیرکے ضلعی امیر ابو القاسم اور منشاء جھنگوی نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺپر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر قانون کے خلاف فوراً قانونی کارروائی کی جائے۔مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت پاناما کے فیصلہ کے بعد سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔دوسری جانب عالمی تحر یک تحفظ حر مین الشرفین پاکستان کے امیر علامہ زبیراحمد ظہیر ʼمر کزی جمعیت اہلحدیث پاکستان (ع) کے سربراہ علامہ طارق یزدانی ʼ اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان کے سر براہ ذکر الر حمٰن صدیقیʼ ورلڈ ختم نبوت پاکستا ن کے سیکرٹری جنر ل علامہ ممتاز احمد اعوان نے اپنے مشتر کہ بیان میں کہا ہے کہ راناثناء کے قادیانیوں کے متعلق موقف قابل مذمت ہے اس کیخلاف آج پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائیگا۔