• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیانی ،افتخار فارمولا نہیں چلنے دیں گے ،آصف زرداری

Todays Print

 اسلام آباد(وقائع نگار، این این آئی) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ پائوں باندھ دیئے گئے تھے مگر اب حالات مختلف ہیں ، دھاندلی نہیں ہونے دیں گے ،اب کوئی کیانی اور افتخار چودھری فارمولہ نہیں چلے گا، نواز شریف نے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے مینڈیٹ چوری کیا،بلا ول اور آصفہ کیساتھ ملکر انتخابی مہم چلائونگا ،2018ء کے انتخابات میں ہم سب میدان میں ہونگے ، فافن کی رپورٹس تشویشناک ہیں ادارے توجہ دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فافن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فافن کے وفد نے انتخابی عمل اور ووٹر رجسٹریشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی ۔

آصف زرداری نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ پائوں باندھ دیئے گئے تھے، مجھے عدالت نے ایوان صدر سے نکلنے نہیں دیا،بلاول پڑھ رہا تھا ،یوسف رضا گیلانی کا بیٹا اغواء کر لیا گیاتھا، ہماری پوری قیادت کو دہشتگردوں کے ذریعے انتخابی مہم سے روکا گیا،اب حالات مختلف ہیں ہم سب انتخابی میدان میں ہوں گے۔

چیئرمن بلاول بھٹو،میں خود اور آصفہ انتخابی مہم چلائیں گے،اب کوئی کیانی اور افتخار چودھری فارمولہ نہیں چلے گا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے مینڈیٹ چوری کیا،یہ کیسے ممکن ہے کہ نواز شریف ہر انتخاب میں دو تہائی اکثریت لے،انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ بیس لاکھ خواتین ووٹرز کا اندراج نہ ہونا ناقابل قبول ہے،بلوچستان کی کل آبادی کا صرف تیس فیصد ووٹر رجسٹرڈ اور 70 فیصد ووٹر کا اندراج نہ ہونا تشویشناک ہے۔الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ ادارے ایک ایک ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں ۔ 

تازہ ترین