پاکستانی خواتین کا زیادہ تر وقت ٹی وی کے سامنے گزرتا ہے یا یوں کہہ لیجئے کہ ان کی تفریح میں ٹی وی ایک اہم کردار دا کرتا ہے، اور اسکرین پر نظر آنے والی سدا بہار اداکارائوں کو دیکھ دیکھ ان کا بھی دل چاہتاہے کہ وہ بھی ایسی ہی فٹنس اپنا لیں اور جواںسال نظرآئیں ۔ اسی لیے گھریلو خواتین ہوں یا ورکنگ ویمن ان کو وزن کم کرنے، اچھا دکھائی دینے اور اسکن کیئر کے حوالے سے مشوروں کی ضرورت رہتی ہے ۔ اسی لیے پہلے ہم ان مشہور سلیبریٹیز کے راز کھولتےچلیں جو برسوں سے ابھی تک جواں دکھائی دیتی ہیں۔
سب سے پہلے ماہ نور بلو چ کی بات کرتے چلیں ۔ ماہ نور اپنے جادوئی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے بہت محنت کرتی ہیں۔ رات سونے سے قبل چہرے کو اچھی طرح صاف کرتی ہیں، دھوپ میں نکلتےوقت سن بلاک کا استعمال نہایت ضروری سمجھتی ہیں۔ وہ اچھی جلد کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی پیتی ہیں، صحت کی ادویات کا استعمال کرتی ہیں اور ہر روز کم سے کم 30منٹ کی ورزش کرتی ہیں، اس کے علاوہ وہ روزانہ یوگا کرنے پر بھی یقین رکھتی ہیں۔زیبا بختیار نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ کوئی میڈیسن اور مغربی نسخے استعمال نہیں کرتیں۔
ہالی وڈ ادکارہ ریچل بلسن بہت سے دلوں پر راج کر چکی ہیں انکے مطابق یہ خود کو فٹ رکھنے کیلئے ڈانس کرتی ہیں۔ اسکے علاوہ یہ دوستوں کے ساتھ ٹینس کھیلتی ہیں اور یوگا کرنا بھی انکے پسندیدہ مشغلوں میں شامل ہے۔نکول کڈمین ریڈ کارپٹ پر جب بھی یہ جلوہ گر ہوتی ہیں ان کے مداحوں کی نظریں ان پر منجمد ہو جاتی ہیں۔ یہ اداکارہ خود کو فٹ رکھنے کے لئے روزانہ پندرہ منٹ آرم سکلبٹنگ ورک آئوٹ کا سہارا لیتی ہیں۔
جینفر لوپیز کا شمار ہالی وڈ کی کامیاب ترین سلیبریٹیز میں کیا جاتا ہے۔ دو بچے ہونے کے باوجود انکی فٹنس اور خوبصورتی پر ذرا سا بھی فرق نہیں پڑا۔ ان کے فٹنس ٹرینر کے مطابق یہ اپنی خوبصورتی اور فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے روزانہ ویٹڈ سومو، سنگل لیگ، ریورس لنگس ٹو فرنٹ کک نامی ورزش کرتی ہیں۔ماضی اور حال میں اپنی آواز سے جادو جگانے والی میڈونا پچاس برس کی عمر میں بھی ایک دم فٹ نظر آتی ہیں۔ انکی صحت کا راز یوگا ہے ۔
یہ چاہے کسی بھی ملک میں ہو ں اپنے ہوٹل کے روم کے اندر روزانہ یوگا کرتی ہیں۔وین اسٹیفنی دو بچے ہونے کے باوجود خوبصورت اور ایک دم فٹ نظر آتی ہیں۔ انکے مطابق یہ کبھی بھی فٹنس کے لئے کسی مشکل ورزش کا سہارا نہیں لیتیں۔ انکی اچھی صحت کا راز صحت مند غذا، چہل قدمی ہے اور دل کی اچھی صحت کے لئے یہ ڈانس کرتی ہیں۔بولی ووڈ میں آئیں تو کترینہ کیف پش اپس لگاتی ہیںجبکہ کرینہ کپور 70%ڈائیٹ اور 30%یوگا اور ورزش پر نہ صرف یقین کرتی ہیں بلکہ عمل بھی کرتی ہیں۔
اب آپ ہی سوچئے کہ جب یہ مشہور سلیبریٹیزاتنی ڈھیر ساری مصروفیات میں سے وقت نکال کروہ بھی بچوں کی ماں ہونے کے باوجود اپنے آپ کو فٹ رکھنے کیلئے ورزش کو نظر انداز نہیں کرتیں تو آپ کو آپ کو اپنے لیے وقت نکالنا ضروری ہے۔ واک کرنا آپ کی روزانہ مصروفیات کا حصہ ہونا چاہئے۔ فٹنس سینٹر جوائن کرنا بھی آپ کیلئے مشکل نہیں ہونا چاہئے اور یہ کوئی معیوب بات نہیں ہے ۔
فٹنس کی بحالی کیلئے آج خواتین کثیر تعداد میں نظر آرہی ہیں، پارکس اور گارڈنز میں واکنگ اور جوگنگ کرتی ہوئی خواتین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ کیونکہ خوبصورت نظر آنا ہر عورت کا خواب ہوتا ہے، لیکن خوبصورتی کے ساتھ ساتھ فٹنس اور تندرستی برقرار رکھنا بھی اسی قدر اہم ہے ۔ جم یا یوگا سینٹر جوائن کرتے ہی آپ کو کچھ ہدایات بھی ملیں گی خاص طور پر صحت مند ہو اور صحت مند رہنے کے لئے متوازن غذا کے استعمال کے بارے میں اور جن اشیاء سے آپ کی صحت کو نقصان ہو سکتا ہے ان سے پرہیز کا بتایا جائے گا۔ اگر آپ نے فٹنس حاصل کرنے کا پکا ارادہ کرلیا ہے تو در ج ذیل سطور میں آپ کے لئے فٹنس اور دلکشی برقرار رکھنے کی کچھ تجاویز پیش کی جارہی ہیں۔
طرز زندگی میں کچھ تبدیلیاں
ایک تحقیق کے مطابق دن بھر میں استعمال کی جانے والی کیلوریز کی آدھی مقدار اگر ناشتے میں لے لی جائے تو اس سے آپ کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور آپ دن بھر چاق و چوبند رہتی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین صحت اور گھر کی بڑی بوڑھیاں بھرپور ناشتے پر زور دیتی ہیں ، تاہم بھرپور ناشتے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ گھی میں پکے پراٹھے اور تلے ہوئے انڈے کھائیں یا حلوہ پوری کا ناشتہ کریں۔ اس کی بجائے دلئیے کے ایک پیالے میں چکنائی والا دودھ شامل کرکے کھائیں اوراگر ممکن ہو تو اس میں موسم کے تازہ پھل کاٹ کر ملائیں اور نوش کریں۔
دھوپ کی اہمیت
ایک تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ صبح کی نرم دھوپ میں چند منٹ گزارنا بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس عمل سے جسم میں وٹامنD کی کمی پوری ہوتی ہے جو ہڈیوں اور پٹھوں وغیرہ کی صحت کے لئے بھی ضروری ہے ۔ آج کل شہری آبادی کا بڑا حصہ تنگ و تاریک مکانوں اور فلیٹوں میں زندگی گزارتا ہے ، جہاں دھوپ اور تازہ ہوا کا گزر نہیں،یہی وجہ ہے کہ خاص طور پر خواتین میں بیماریوں کا تناسب بڑھتا جا رہا ہے۔ لہٰذا آپ کو چاہیے کہ گھر کے ٹیرس یا بالکونی کو اس طور سے ترتیب دیں کہ وہاں صبح کے وقت کچھ دیر بیٹھ کر تازہ ہوا اور دھوپ کی مدھم کرنوں سے لطف اندوز ہوا جاسکے۔ اس کے علاوہ براہ راست سورج کی شعاعوں سے اپنے آپ کو بچائیں، تا ہم گھر میں دھوپ اور ہوا کی آمدورفت کو یقینی بنائیں تا کہ گھر کا ماحول صحت بخش رہے۔
ورزش کو نہ بھولیں
موسم خواہ کتنا ہی شدید کیوں نہ ہو اورآپ کتنی ہی مصروف کیوں نہ ہوں، لیکن ہلکی پھلکی سٹریچنگ ایکسرسائز کے لئے وقت نکالیں۔ سیڑھیاں چڑھنا ، اترنا ، آفس میں کام کے دوران تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد کھڑے ہوجانا اور کمرے یا کوریڈور میں تھوڑی بہت چہل قدمی کرنا، ایسے طریقے ہیں کہ جن پر عمل کر کے آپ اپنے مسلز اور جوڑوں کو آرام پہنچا سکتی ہیں۔ اگر آپ خاتون خانہ ہیں تو فٹ رہنے کے لئے گھر کی صفائی ستھرائی اور اسے ترتیب دینے کا کام خود سر انجام دیں۔
ٹیبلیٹس کم سے کم استعما ل کریں
ایک ریسرچ کے مطابق ٹیبلٹ کا استعمال کم سے کم کریں کیونکہ یہ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے مقابلے میں آپ کے مسلز پر تین گنا زیادہ دباؤ ڈالتے اور برے اثرات مرتب کرتے ہیں اور ہونے والے اس اضافی دباؤ کے سبب آپ کمر کے درد اور دیگر مسائل میں مبتلا ہو سکتی ہیں ۔ یہ نتائج واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے 33 طلبہ پر ریسرچ کے ذریعے حاصل کئے گئے ، جو مختلف پوزیشن میں بیٹھ کر باقاعدگی سے ٹیبلیٹ استعمال کرتے تھے۔
اگرآپ ورکنگ ویمن ہیں تو آپ کو گھر اور باہر دونوں سے نمٹنا ہوگا،زندگی کتنی ہی مصروف کیوں نہ ہو اپنے لیے وقت نکالنا پڑتا ہے،کچھ خواتین ایسی بھی ہوتی ہیں جو اتنی مصروف زندگی میں بھی اپنا خیال رکھتی ہیں اور خوش رہتی ہیں، آئیے آپ بھی ان کے کچھ راز جانئے کہ وہ کیسے فٹ اور خوش رہتی ہیں۔
اپنی صبحوں کو خوشگوار بنائیںصبح اٹھ کر ورزش کریں، مراقبہ کریں اور ایک بھرپور ناشتہ کریں، اگر آپ کی صبح کا آغاز اچھا ہوگا تو سارا دن اچھا گزرے گا۔متوازن غذا کھائیںجنک فوڈ آپ کو بلڈ پریشر سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے، جنک فوڈ توانائی میں اضافہ نہیں کرتا بلکہ جسم کو سست کردیتا ہے ایک بھرپور دن گزارنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ پروٹین، سبزیوں اور پھلوں پر مشتمل غذا اپنائیں۔
پانی کا استعمال :
اگر آپ خود کو تھکا ہوا محسوس کر رہی ہیں تو اس کا فوری حل پانی ہے۔ دماغ کی تھکن بعض دفعہ ڈی ہائیڈریشن کا نتیجہ ہوتی ہے لہٰذا کثیر مقدار میں پانی پئیں۔
اپنے آپ کی سنیں
خوش باش لوگ اپنے جسم کی سنتے ہیں جب ان کا جسم کھانے سے منع کرے تو وہ مزید نہیں کھاتے جب ان کے جسم کو ریلیکس کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ یوگا کلاس لیتے ہیں،اگر آپ اپنے جسم کی سنیں تو وہ بہت کچھ کہتا ہے جسے سننے کی ضرورت ہے۔فٹنس اور صحت پر توجہ دیں۔فیشن اور شاپنگ پرضرورخرچ کریں لیکن اپنی صحت اور فٹنس پر بھی خرچ کریں۔ یہ آپ کو آخر عمر تک فائدہ دے گی۔
گروپ بنالیں
اگر آپ کو اکیلے جانے میں پریشانی کا سامنا ہے تو اس کا بہترین حل یہ ہے کہ اپنے آس پاس سے اپنی فٹنس کا خیال رکھنے والی خواتین کا گروپ بنائیں اور ان کے ساتھ مل کر ورزش کریں۔ ضروری نہیں کہ آپ جم ہی جائیں، اس گروپ کے ساتھ آپ کسی پارک یا خالی سڑک پر چہل قدمی بھی کر سکتی ہیں۔
٭٭٭٭