• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامو فوبیا کا فروغ معاشرے کا بدنما داغ ہے، طیبہ خان

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) بلیک ایشین مینارٹی ایتھنک کی رہنما طیبہ خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے معاشرے میں اسلامو فوبیا اور نسل پرستی میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے جوکہ ہماری برطانوی اقدار حقوق انسانی، مساوات اور آزادی کے اصولوں کے منافی ہے۔ ڈنڈی میں لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر ایک فرنج میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے طیبہ خان نے کہا کہ نسل پرستی اور اسلامو فوبیا کا فروغ معاشرے میں ایک بدنما داغ ہے۔ طیبہ خان نے سکاٹش پارلیمنٹ میں لیبر کے شیڈو ہیلتھ سیکرٹری انس سرور کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نسل پرستی اور اسلامو فوبیا کے خلاف جس طرح کھلے عام سٹینڈ لیا ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سکاٹش لیبر پارٹی کے چیئرمین رچرڈ لیونارڈ نے کہا کہ نسل پرستی اور اسلامو فوبیا کا خاتمہ ہم سب کی پہلی ترجیح ہے۔ یہ مسئلہ اگرچہ خاصے عرصے سے معاشرے میں موجود ہے، لیکن ماضی میں زیادہ تر اس کے خاتمے پر وہ توجہ نہیں دی گئی جو دینی چاہیے تھی۔ ہم انس سرور کے شکر گزار ہیں کہ جو بڑی دلیری کے ساتھ اس کو منظرعام پر لائے ہیں اور اب اس مہم کی قیادت کررہے ہیں۔ انس سرور نے کہا کہ ہم بچپن سے ہی نسل پرستی کا سامنا کررہے ہیں۔ جب میرے والد محمد سرور کو برطانیہ کا پہلا مسلم ایم پی بنتے وقت بے پناہ دھمکیاں دی گئیں۔ خود مجھے بھی مختلف مواقع پر نسل پرستی کا شکار ہونا پڑا اور اب میرے کھل کر سامنے آنے کی وجہ میرا7سال کا معصوم بچہ بنا ہے، جس کو سکول میں ایسے ہی حالات کا سامنا کرنا پڑا، ہم اسی ملک میں پیدا ہوئے ہیں اور ہمارا جینا مرنا اس ملک کے لیے ہے۔ اس سلسلہ کو اب بند ہونا چاہیے۔ گلاسگو سٹی کونسل میں ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ کونسلر حنیف راجہ نے کہا کہ نسل پرستی اور اسلامو فوبیا ایک زہر ہے جو ہمارے ماشرے کو دیمک کی طرح کھا رہا ہے۔ پرانی نسلوں نے تو اس کو برداشت کرلیا۔ اب ہمارے بچے اس کو برداشت نہیں کرسکتے۔ بدقسمتی سے نسل پرستی اس معاشرے میں ادارتی طور پر موجود ہے۔ سکاٹ لینڈ کے صدر ذوالفقار خان نے کہا کہ نسل پرست گروپ ایک ایجنڈے کے تحت نفرے کی سیاست کو ہوا دے رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ایسے تمام افراد کے خلاف بھرپور ایکشن لے۔ تقریب سے کونسلر ثاقب احمد، کونسلر ثریا صدیق، فاطن حمید اور عاصم خان نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین